وندے بھارت کی شروعات تاریخی لمحہ ہے:وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
جموں،5 جون
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وادی کو ملک کے دیگر حصوں سے ریلوے کے ذریعے جوڑنے کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگر میں کہوں کہ میں اس لمحے کا برسوں سے انتظار کر رہا تھا تو شاید یہ بھی کم ہو۔‘
عمر عبداللہ آج کٹرا میں میڈیا سے بات کر رہے تھے جہاں کل وزیر اعظم نریندر مودی وادی کشمیر کے لیے وندے بھارت ٹرین خدمات کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا:’یہ ریلوے پروجیکٹ اس وقت شروع ہوا جب میں ساتویں یا آٹھویں جماعت میں پڑھتا تھا، اور اب میرے بچے بھی اسکول اور کالج مکمل کرکے کام پر لگ چکے ہیں۔‘
وزیر اعلیٰ کے مطابق یہ منصوبہ طویل تاخیر کا شکار رہا، لیکن ’دیر آید درست آید‘ کے مصداق، اب اس کے آغاز سے نہ صرف عام لوگوں کو سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ وہ مسائل بھی کم ہوں گے جو ماضی میں معمولی رکاوٹ پر عوام کو بھاری قیمت چکانے پر مجبور کرتے تھے۔
عمر عبداللہ نے کہا:’جب بھی قومی شاہراہ بند ہوتی تھی، ایئرلائنز پانچ ہزار روپے کی ٹکٹ کو بیس ہزار میں بیچنا شروع کر دیتی تھیں۔ اب وندے بھارت کے آغاز سے ان سب مسائل کا حل نکل آئے گا۔‘
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کل وزیر اعظم نریندر مودی کٹرا سے سری نگر کے درمیان وندے بھارت ٹرین سروس کا افتتاح کرنے والے ہیں، جو ریاست کی نقل و حمل، معیشت اور عوامی ربط کو ایک نئے دور میں داخل کرے گا۔ اس موقع پر کئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح متوقع ہے، جن میں دنیا کا سب سے اونچا ریل پل – چناب پل – بھی شامل ہے۔
Comments are closed.