پہلگام حملے میں جاں بحق نوجوان کے اہل خانہ سے آسام کے وزیر کی ملاقات، 5 لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش

سری نگر،یکم جون

اسام کے وزیر زراعت اتُل بورا نے اتوار کو پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور مرحوم عادل حسین شاہ کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔
اتُل بورا نے مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آسام حکومت کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کے پیغام کے ساتھ یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو آسام حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کا مالی امدادی چیک بھی پیش کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وہ جلد ہی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کرکے متاثرہ خاندان کا مقدمہ ان کے سامنے رکھیں گے تاکہ مزید مدد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا:’ہم وزیراعلیٰ (عمر عبداللہ) سے بھی ملنا چاہتے تھے، لیکن وہ اس وقت ریاست سے باہر ہیں۔‘
اتُل بورا نے کہا کہ پوری دنیا نے پہلگام حملے کی مذمت کی ہے اور مودی حکومت کی جانب سے کیے گئے جوابی اقدامات کو وسیع پیمانے پر عوامی حمایت حاصل ہوئی۔
انہوں نے زور دے کر کہا:’ہم سب ایک ہیں، اور ہمیں مل کر کام کرنا ہے تاکہ اس طرح کی دہشت گردی کا منہ توڑا جواب دیا جا سکے۔‘
واضح رہے کہ پہلگام کے بائیسرن میں 22اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے دوران مقامی گھوڑے بان عادل حسین بھی جاں بحق ہوا تھا۔

Comments are closed.