پونچھ میں پولیس نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے، قابل اعتراض مواد ضبط

جموں،18مئی

جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کے روز ضلع پونچھ میں وسیع پیمانے پر کارروائی انجام دی، جس کے دوران تقریباً ڈیڑھ درجن مقامات پر چھاپے مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق یہ چھاپے زیادہ تر اُن افراد کے گھروں پر مارے گئے جو مبینہ طور پر پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرگرم دہشت گردوں کے رشتہ دار یا اُن کے زمینی مددگار (اوور گراؤنڈ ورکرز) تصور کیے جا رہے ہیں۔

چھاپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کئی مقامات سے متعدد الیکٹرانک آلات ضبط کیے ہیں جن میں موبائل فون، لیپ ٹاپ، ڈیجیٹل اسٹوریج ڈیوائسز وغیرہ شامل ہیں۔ یہ کارروائیاں پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران کی نگرانی میں انجام دی گئیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کچھ مقامات پر یہ کارروائیاں تاحال جاری تھیں۔ تاہم ابھی تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ پونچھ ضلع حالیہ مہینوں میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کے حوالے سے ایک حساس علاقہ بن کر سامنے آیا ہے، جہاں سرحد پار سے دراندازی اور مقامی سطح پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کی اطلاعات پر پولیس اور فوج کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام نے بتایا کہ چھاپوں کا مقصد نہ صرف موجودہ نیٹ ورکس کو توڑنا ہے بلکہ ایسے افراد کی نشاندہی کرنا بھی ہے جو دراندازوں کو لاجسٹک اور مواصلاتی معاونت فراہم کرتے ہیں۔

پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ حرکات یا سرگرمیوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس یا سیکیورٹی ایجنسیوں کو اطلاع دیں تاکہ خطے میں امن و قانون کی فضا کو مستحکم رکھا جا سکے۔

Comments are closed.