پاکستانی فوج کی کنٹرول لائن پر چار مقامات پر فائرنگ، موثر جواب دیا گیا

سری نگر، 8 مئی

فوجی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بھی جموں و کشمیر کے چار علاقوں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشعال فائرنگ کی جس کا موثر انداز میں جواب دیا گیا۔واضح رہے کہ ہندوستانی فوج نے منگل اور بدھ کی شب ‘آپریشن سندور’ کے تحت پاکستان میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

پاکستانی افواج نے بھی بدھ کو لائن آف کنٹرول پر کی گئی شدید شیلنگ کی جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں کم از کم 12 عام شہری ہلاک اور 60 دیگر زخمی ہو گئے، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

ایک فوجی ترجمان نے بتایا: ‘ 7 ور 8 مئی کی درمیانی شب پاکستانی فوج کی چوکیوں نے جموں و کشمیر میں کپوارہ، بارہمولہ، اوڑی اور اکھنور کے بالمقابل علاقوں میں ایل او سی کے پار چھوٹے ہتھیاروں اور آرٹلری گنوں کا استعمال کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی’۔انہوں نے کہا کہ وہاں موجود جوانوں نے اس کا موثر جواب دیا۔

قابل ذکر ہے کہ ایل او سی پر فائرنگ کا تبادلہ 22 اپریل کو پہلگام میں بہیمانہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوا تھا جس میں 25 سیاحوں اور ایک مقامی باشندے کی موت ہوئی تھی۔

Comments are closed.