عمر عبداللہ نےدہلی ائر پورٹ کو بد انتظامی کی اعلیٰ مثال قرار دیا
سری نگر،20اپریل
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کی رات دہلی جانے والی پرواز کو جے پور کی طرف موڑ دیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے دہلی ایئرپورٹ کو "بدترین بدنظمی کا شکار” قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر سخت الفاظ استعمال کیے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عمر عبداللہ سری نگر سے دہلی جانے والی انڈیگو کی پرواز میں سوار تھے، تاہم دہلی ایئرپورٹ پر مبینہ بھیڑ اور بدنظمی کے باعث پرواز کو تین گھنٹے فضاء میں رہنے کے بعد جے پور ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سمیت درجنوں مسافروں کو طویل وقت تک جہاز میں انتظار کرنا پڑا۔
عمر عبداللہ نے رات گئے "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں لکھا:”دہلی ایئرپورٹ مکمل بدنظمی کا شکار ہے ۔ جموں سے روانگی کے بعد تین گھنٹے فضاء میں رہنے کے بعد ہم جے پور پہنچے اور اب رات کے ایک بجے جہاز کی سیڑھیوں پر کھڑا ہو کر تازہ ہوا لے رہا ہوں۔ پتہ نہیں کب روانہ ہوں گے۔”
انہوں نے اس کے ساتھ جہاز سے نیچے اترتے ہوئے ایک سیلفی بھی شیئر کی۔
تین گھنٹے بعد ایک اور پوسٹ میں انہوں نے مطلع کیا:”جو لوگ جاننا چاہتے ہیں، انہیں بتا دوں کہ میں صبح 3 بجے دہلی پہنچ گیا۔”
اتوار کی صبح ایئرپورٹ حکام کی جانب سے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی جس میں کہا گیا:”پروازوں کی محفوظ آمد کے لیے ہوائی ٹریفک مینجمنٹ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں۔”
ادھر، خراب موسم کے باعث سری نگر سے آنے والی پروازیں منسوخ ہونے کے بعد جموں ایئرپورٹ پر بھی ہفتے کے روز افرا تفری دیکھی گئی۔ ٹرمینل میں مسافروں کا ہجوم بڑھ گیا اور کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر شکایات کیں کہ انہیں رات گزارنے کے لیے کوئی بندوبست نہیں ملا۔
Comments are closed.