رام بن میں بادل پھٹنے کے واقعے میں دو بھائیوں سمیت تین جاں بحق

جموں،20اپریل

جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے سیری بگنا علاقے میں اتوار کی صبح بادل پھٹنے کے ایک افسوسناک واقعے میں دو سگے بھائیوں سمیت تین جاں بحق ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق بادل پھٹنے کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات، دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور کئی علاقوں میں ملبہ اور بھاری پتھر نیچے گرنے سے آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ جنگلاتی علاقوں میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے باعث زمین کھسکنے اور پتھروں کے گرنے کے واقعات پیش آئے، جنہوں نے کئی ڈھانچوں کو نقصان پہنچایا۔
ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس دوران دو بھائیوں کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت عاقب احمد اور ثاقب احمد کے طور پر کی گئی ہے، جو محمد حنیف کے بیٹے اور سیری بگنا کے رہائشی تھے۔

پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ متاثرہ علاقے میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

مقامی لوگوں نے حکومت سے فوری معاوضے، امدادی سامان اور عارضی رہائش کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments are closed.