
کٹھوعہ میں مسلح جھڑپ:دو اہلکار زخمی، گولیوں کا تبادلہ جاری
جموں، 27 مارچ
جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے گھٹی جوتھانہ جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان جاری تصادم میں پولیس کے دو جوان زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کے لیے ہیلی کاپٹروں، کواڈ کاپٹروں اور ڈرون کیمروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
جھڑپ کی تفصیلات:جمعرات کی صبح کٹھوعہ کے جنگلی علاقے میں جاری تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان اچانک فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔فورسز کے مشتبہ مقام کے قریب پہنچتے ہی وہاں موجود ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد علاقے کو پوری طرح سیل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق، ابتدائی فائرنگ میں دو پولیس جوان زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ملی ٹینٹوں کے ٹھکانے کی نشاندہی:دفاعی ذرائع کے مطابق، اتوار کی شام ہیرا نگر کے سنیال گاؤں میں فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے ملی ٹینٹوں کے گروہ کو ہیرا نگر سے 30 کلومیٹر دور گھٹی جوتھانہ کے جنگلی علاقے میں دیکھا گیا، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں کڑا پہرہ بٹھا دیا۔ملی ٹینٹوں کی تازہ فائرنگ میں ایس او جی کے دو اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں علاج و معالجہ کی خاطر فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔فوج، ایس او جی، پیرا کمانڈوز اور این ایس جی نے ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اعلیٰ حکام کی نگرانی میں آپریشن جاری:پولیس سربراہ نالین پربھات خود اس آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔فوج کے سینئر افسران بھی گزشتہ چار دنوں سے کٹھوعہ میں موجود ہیں۔یہ رپورٹ فائل کرنے تک علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری تھا، اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
Comments are closed.