ایمز اونتی پورہ کی تعمیر62فیصدی مکمل ،سال رواں کے ماہ نومبر تک اس کو مکمل کیا جائیگا / حکومت
سرینگر /13مارچ /
جموںکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ نے ایمز اونتی پورہ پروجیکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جب جموں میں ایمز وجے پور نے کامیابیوں کا ایک سال مکمل کر لیا ہے، ایمز اونتی پورہ ابھی بھی زیر تعمیر ہے۔
اس کے جواب میں حکومت نے بتایا کہ ایمز اونتی پورہ کی تعمیرجو سی پی ڈبیلو ڈی کے ذریعے شروع کی گئی تھی، 23 نومبر 2020 کو شروع ہوئی تھی۔ حکومت نے کہا ” اب تک62فیصدی کام مکمل ہو چکا ہے، جس میں صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے منظور شدہ 182کروڑ میں سے 121کروڑ کا استعمال کیا گیا ہے۔
تاخیر کی وجہ ماسٹر پلان میں نظرثانی کی وجہ سے ہے،جس کے نتیجے میں عمارتوں کی تبدیلی، ڈھانچے کو دوبارہ ڈیزائن کرنا، اور مواد کی نقل و حمل سے متعلق چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا“۔حکومت نے کہا کہ ایمز اونتی پورہ کی متوقع تکمیل کی تاریخ 30نومبر 2025ہے، اور ایم بی بی ایس کے طلبا کے پہلے بیچ کو اثاثوں کی کامیاب منتقلی کے بعد جلد ہی داخلہ دیا جائے گا۔ حکومت نے یقین دلایا کہ باقی ماندہ کام میں تیزی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.