
جموں و کشمیر میں برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی
سری نگر، 22 فروری
محکمہ موسمیات نے خشک موسم کے بیچ وادی کشمیر میں 4 دنوں کو محیط برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات سری نگر کے ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ وادی میں 25 فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 25 فروری کی شام سے برف باری یا بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 25 اور 26 فروری کو یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران کچھ پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری ہوسکتی ہیں اور میدانی علاقوں میں بھی درمیانی سے بھاری بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران جموں صوبے میں بھی درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔موصوف ڈائریکٹر نے بتایا کہ برف و باراں کا سلسلہ 27 فروری کو بھی جاری رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 28 فروری کو بھی دونوں صوبوں کشمیر اور جموں میں برف و باراں کا امکان ہے۔سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوئزری کے مطابق اپنے سفر کے منصوبے بنائیں۔
وادی میں لوگ خاص طور پر کسان برف و باراں کا بے صبری انتظار کر رہے ہیں۔خشک موسم صورتحال سے جہاں وادی میں کئی چشمے سوکھ گئے ہیں وہیں اس دوران کئی علاقوں کے جنگلوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سال رواں کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارش کی 79 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جموں میں بارش کی 84 فیصد کمی درج ہوئی ہے۔
ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں جاری خشک موسمی صورتحال آنے والے موسم سرما میں پانی کے شدید بحران کا باعث بن سکتا ہے ۔
ان کا ماننا ہے کہ 20 فروری کو ہوئے برف و باراں کا مرحلہ جموں وکشمیر میں جاری بارش کے کمی کے رجحان کو کم کرنے کے لئے ناکافی ہوسکتا ہے۔
ادھر وادی میں ہفتے کو موسم صبح سے ہی جزوی ابر آلود رہا اور آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کامیاب کوششیں کیں۔
Comments are closed.