کشمیر میں شہنشاہ زمستان چلہ کلان اختتام پذیر، 8 فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں

سری نگر، 31 جنوری

وادی کشمیر میں شہنشاہ زمستان کے نام سے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان بغیر کسی بڑے پیمانے کی برف باری کے خشک موسم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جبکہ بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا۔

چالیس روزہ چلہ کلان کے دوران گرچہ ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کا زور جاری رہا تاہم وسیع پیمانے پر بھاری برف باری نہیں ہوئی۔
سری نگر میں 21 دسمبر یعنی چلہ کلان کے پہلے ہی دن شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔
معمول کے برعکس اس چلہ کلان کے دوران طویل خراب موسمی صورتحال دیکھنے کو نہیں ملی بلکہ زیادہ تر ایام نہ صرف خشک رہے بلکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس سخت ترین موسم کے آخری 29 دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں بارش میں 87 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس دوران صرف 11.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

چلہ کلان کے اختتام کے بعد 20 روزہ چلہ خورد شروع ہوا ہے گرچہ اس میں بھی بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم سردی کا زور زیادہ نہیں ہوتا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 8 فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم اس دوران وقفے وقفے سے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں 31 جنوری کو بھی مطلع عام طور پر یا جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران شام کے وقت کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ صبح کے وقت کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے جبکہ بعد میں موسم میں بہتری واقع ہو سکتی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں 2 فروری کو موسم جزوی یا مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 3 فروری کو بھی موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوراب شام کے وقت کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 4 فروری کو مطلع مجموعی طور پر ابرت آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 5 فروری کی صبح یا دوپہر کے بعد کہیں کہیں برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں 6 سے 8 فروری تک موسم جزوی یا مجموعی طو پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے موسمیاتی ایڈوائزری پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے ایک اور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی0.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی1.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی1.1 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداٰخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Comments are closed.