کشمیر کے سیاحتی مقامات اور پہاڑی علاقوں میں برفباری، میدانی علاقوں میں بارشیں

سری نگر11نومبر

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں پیر کی سہ پہر سے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج ہوئی۔
وادی کے سیاحتی مقامات جن میں گلمرگ، پہلگام، سونہ مرگ، دودھ پتھر ی شامل ہیں تازہ برف باری کی وجہ سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔
اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقامات گلمرگ، سونہ مرگ ، دودھ پتھری کے علاوہ وادی کے پہاڑی علاقوں بشمول راز دان ٹاپ، پیر کی گلی، زوجیلا پاس، سنتھن ٹاپ پر پیر کی سہ پہر برف باری شروع ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
برف باری کی وجہ سے شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ بھی احتیاطی طورپر بند کیا گیا ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ کپواڑہ کے اوپری پہاڑی علاقوں میں چھ انچ کے قریب برف ریکارڈ کی گئی ہے ۔
کپواڑہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ایک ایڈوائزری میں ٹریکنگ کے شوقین افراد اور سیاحوں کو آگاہی فراہم کی گئی ہے کہ اوپری پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے قبل انتظامیہ کو اس بارے میں پیشگی آگاہی فراہم کریں۔
ناساز موسمی حالات کے پیش نظر وادی میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج ہوئی ہے جس نے لوگوں کو گرم لباس زیب تین کرنے کے ساتھ ساتھ گرمی کے لئے روایتی کانگڑیوں اور دوسرے الیکٹرانک آلات کا استعمال کرنے پر مجبور کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 12 نومبر کی صبح سے موسم میں بہتری درج ہونے کا امکان ہے۔

Comments are closed.