کنگن میں بادل پھٹنے سے تباہی،سرینگر لیہہ شاہراہ بند
سری نگر،4 اگست
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے چیر وان پدابل کنگن علاقے میں دوران شب بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس وجہ سے چند رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی کنگن کے دور افتادہ علاقے چیر وان پدابل کے اوپری پہاڑی پر بادل پھٹنے کی وجہ سے نہ صرف سیلابی صورتحال پیدا ہوئی بلکہ اوپر سے بھاری بھرکم پتھر بھی نیچے گر آئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ بادل پھٹنے کی صدائیں گونجتے ہی لوگ گھروں سے باہر آئے اور محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور بھاری بھرکم پتھر گر آنے کے نتیجے میں چند رہائشی مکانوں اور دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے دھان کی فصل کے کئی کنال بھی تباہ ہوگئے۔
ان کے مطابق بادل پھٹنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، پولیس اور فوجی جوان جائے موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
تاہم اس واقعے میں کسی کے زخمی یا از جان ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دریں اثنا بادل پھٹنے کے اس واقعے سے سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔
جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ؛ چیروان کنگن علاقے میں بادل پھٹنے کی وجہ سے سری نگر – کرگل روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے’۔
انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ روڈ صاف ہونے تک اس پر سفر کرنے سے احتراز کریں۔
Comments are closed.