ریاسی حملہ :این آئی اے نے راجوری میں کئی مقامات پر چھاپے مارے

جموں،30جون

قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے اتوار کے روز راجوری ضلع کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ۔بتادیں کہ 9جون کو ریاسی کے پونی علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے یاترا بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری اور نو یاتری جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز این آئی اے نے راجوری کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران رہائشی مکانوں کی تلاشی لی۔

ذرائع نے بتایا کہ ریاسی حملہ کیس کے سلسلے میں گرفتار کئے گئے حکیم خان عرف حکیم الدین کی نشاندہی پر این آئی اے نے پانچ مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کو انجام دیا۔معلوم ہوا ہے کہ چھاپہ ماری کے دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ کی گئی جبکہ کئی اہم دستاویزات کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔

پولیس نے گزشتہ ہفتے ہی ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ریاسی حملے میں ملوث دہشت گردوں کی مدد و اعانت کرنے والے ایک مقامی شہری حکیم الدین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔پولیس نے بتایا کہ حکیم خان کی گرفتاری سے اس کیس میں اہم پیش رفتہ ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکیم خان سے این آئی اے کے سینئر عہدیداروں نے بھی پوچھ تاچھ کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکیم خان کی نشاندہی پر ہی این آئی اے کی ٹیموں نے راجوری کے کئی مقامات پر چھاپے مارے ۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Comments are closed.