راجوری میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ ، فوجی اہلکار کا بھائی جاں بحق

جموں،22اپریل

جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے شاردا شریف علاقے میں پیر کی شام مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ٹریٹوریل آرمی میں تعینات جوان کے گھر پر اندھادھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں فوجی اہلکار کا بھائی گولیاں لگنے سے برسر موقع ہی جاں بحق ہوا۔

معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق راجوری کے شاردا شریف علاقے میں پیر کی شام اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ٹریٹوریل آرمی میں تعینات فوجی اہلکار کے گھر میں گھس کر وہاں پر فائرنگ شروع کی ۔
معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں آرمی جوان کا بھائی شدید طورپر زخمی ہوا ، گر چہ اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پرتعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت 40سالہ محمد رزاق ولد محمد اکبر کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو جلدازجلد انجام تک پہنچایا جاسکے۔

Comments are closed.