سری نگر کشتی الٹنے کا سانحہ: لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے ساتویں روز بھی آپریشن جاری

سری نگر،22اپریل

سری نگر کے گنڈ بل علاقے میں منگل کی صبح دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کے بعد لاپتہ ہونے والے باپ بیٹے سمیت تین افراد کی تلاش کے لئے پیر کو مسلسل ساتویں روز بھی آپریشن وسیع پیمانے پر جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی ریسکیو آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔بتادیں کہ گنڈبل علاقے میں منگل کی صبح دریائے جہلم میں کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کے دو کمسن بیٹوں سمیت 6 افراد کی موقت واقع ہوئی جبکہ تین افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔
حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فوج، ریور پولیس و دیگر ایجنسیوں سمیت 14 ٹیمیں وسیع پیمانے پر آپریشن چلا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن پیر کی صبح سے دوبارہ شروع ہوا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی باز یابی کے لئے آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کو بر آمد کرنے کے لئے کوششیں وسیع پیمانے پر جاری ہیں تاکہ ان کے اہلخانہ کو کسی حد تک راحت مل سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں ضرور ثمر آور ثابت ہوں گی۔
ادھر لاپتہ افراد کے غم سے نڈھال اہلخانہ و دیگر احباب و اقارب بھی روز صبح سویرے دریائے کے کنارے پر جمع ہوجاتے ہیں اور روتے سسکتے لاشوں کی بازیابی کے لئے دعائیں کر رہے ہیں۔بتادیں کہ اس المناک واقعے سے پوری وادی میں ماتم کا ماحول چھایا ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی ریسکیو آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں، انسپکٹر جنرل آف پولیس یومیہ اس آپریشن کے بارے میں این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں۔

Comments are closed.