اننت ناگ راجوری سیٹ :محبوبہ مفتی ، میاں الطاف اور ظفر اقبال منہاس نے کاغذات نامزدگی دائر کئے
سرینگر /18اپریل /
لوک سبھا انتخابات 2024کے سلسلے میں اننت ناگ راجوری پارلیمانی سیٹ کیلئے پی ڈی پی صدر اور جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ، نیشنل کانفرنس لیڈر میاں الطاف اور جموں کشمیر اپنی پارٹی کے امید وار ظفر اقبال منہاس نے پارٹی لیڈران اور سینکڑوں حامیوں کی موجودگی میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے اننت ناگ راجوری لوک سبھا حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا جہاں 7 مئی کو انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ ہو رہی ہے۔کئی پارٹی قائدین اور سینکڑوں حامیوں کے ساتھ محبوبہ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ سید فخرالدین کے دفتر پہنچیں جو اس حلقے کے ریٹرننگ آفیسر ہیں اور انہوں نے اپنے کاغذات داخل کر لیں ۔
۔اسی دوران نیشنل کانفرنس کے لیڈر میاں الطاف بھی صبح ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے سید فخرالدین کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ۔ اس موقعہ پر ان کے ساتھ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اور کانگریس جنرل سیکرٹری غلام احمد میر بھی تھے اور انہوں نے ان کی موجودگی میں پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔
اسی دوران آزاد کی ڈی پی اے پی نے محمد سلیم پارے کو میدان میں اتارا ہے جبکہ اپنی پارٹی نے ظفر اقبال منہاس کو نامزد کیا ہے، جنہوں نے جمعرات کو اپنے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے۔ خیال رہے کہ اننت ناگ راجوری لوک سبھا حلقہ میں انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو پولنگ ہو گی۔ جمعہ کو اس حلقے میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے ۔
Comments are closed.