پلوامہ میں دس سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے پرورش کیپسول پر پروگرام منعقد

سرینگر/ 23مارچ / یاور رشید

جنوبی ضلع پلوامہ میں بچوں اور نوجوانوں میں صلاحتیں بڑھانے کی ایک پہل کے تحت فوج ک جانب سے کچھ سرگرم نوجوانوں کے ساتھ مل کر گورئمنٹ وومنز ڈگری کالج پلوامہ میں دس سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے پرورش کیپسول پر ایک پروگرام منعقد کیا جس کا موضوع تھا کہ ”مستقبل ان لوگوں کا ہے جو اپنے خوابوں کی خوبصورتی میں یقین رکھتے ہیں“۔

کشمیر پریس سروس نمائندہ یاور رشید کے موصولہ تفصیلات کے مطابق پروگرا م میں فوج کے 55آر آر کے کمانڈنگ آفیسر ڈیوین سود، میجر آبیشیک ریکیوال، سنجیو رتو 2 وائی سی سی آر پی ایف، ایس ایس پی پلوامہ پی ڈی نیتا، اے سی ڈی پلوامہ ڈاکٹر پیرزادہ فرحت، تحصیلدار پلوامہ محمد اقبال، اسسٹنٹ لیبر کمشنر پلوامہ حفصہ قیوم اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اس موقعہ پر ضلع پلوامہ کے مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔ ضلع پلوامہ کے مختلف سکولوں سے 10 سال سے کم عمر کے سینکڑوں بچوں نے وومنزڈگری کالج پلوامہ میں محکمہ تعلیم کے تعاون سے بھارتی فوج کی طرف سے منعقدہ پروگرام میں حصہ لیا۔ پروگرام کا بنیادی مقصد ضلع پلوامہ کے طلبہ کی مختلف شعبوں میں مہارتوں اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور اس مخصوص شعبے میں اپنا کیریئر بنانا ہے۔ پروگرام کا آغاز وومنز ڈگری کالج پلوامہ کے لان میں پینٹنگ مقابلے سے کیا گیا اور پروگرام کے دوران مقابلے کے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔

پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز طلبہ کے لیے کیریئر کونسلنگ سیشن کے ساتھ کیا گیا اور کونسلنگ سیشن کے دوران آرمی، پولیس اور سول ڈیپارٹمنٹ کے مختلف افسران نے پروگرام کے دوران طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے افسر بننے کے اپنے سفر کو شیئر کیا۔ پروگرام میں حصہ لینے والے طلبہ نے ضلع کے طلبہ کیلئے اس قسم کے پروگرام منعقد کرنے کی پہل کرنے پر فوج کا شکریہ ادا کیا تاکہ مستقبل میں اپنے کیریئر کو پروان چڑھانے میں ان کی مدد کی جا سکے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس قسم کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔

Comments are closed.