سرینگر جموں شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ، 200سے زائد مسافر و مال گاڑیاں درماندہ
سرینگر / یکم فروری
تازہ برفباری اور بارشوں کے بعد سرینگر جموں شاہراہ پر پسیاں گر آنے اور زمین کھسک جانے کے واقعات کے بعد شاہراہ کی خستہ حالی کو دیکھ کر ٹریفک کی آمد رفت روک دی گئی ۔ نمائندے نے ٹریفک حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کی صبح شاہراہ پر رام بن کے قریب زمین کھسک جانے سے شاہراہ کو نقصان پہنچ گیا جس کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر ٹریفک روکنے کے بعد کسی بھی گاڑی کو نہ تو جموں سے سرینگر اور نہ ہی سرینگر سے جموں کی جانب چلنے کی اجازت دی گئی ۔ ٹریفک کے ایک سنیئر افیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شاہراہ پر کئی مقامات پر تازہ برفباری ہوئی۔جبکہ زمین کھسکنے کا واقعہ رام بن کے شیر بی بی میں پیش آیا، جہاں شدید بارشیں بھی ہوئیں۔ٹریفک پولیس نے ایکس پر لکھا ” جموں سرینگر شاہراہ پر شیربی بی کے قریب سڑک کو نقصان پہنچا ہے اور بحالی کا کام جاری ہے “ ۔
ادھر نمائندہ کے مطابق 270 کلومیٹر طویل شاہراہ کے مختلف مقامات پر 200 سے زیادہ گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی وے کو ٹریفک کیلئے دوبارہ کھولنے کا کام جاری ہے اور موسم میں بہتری کے ساتھ ہی پہلے درماندہ گاڑیوںکو چلنے کی اجازت ہو گی ۔ ٹریفک پولیس نے لوگوں کو موسم بہتر ہونے اور سڑک صاف ہونے تک شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیاہے ۔
Comments are closed.