جموں وکشمیر میں دیوالی کا تہوار عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

سرینگر،12نومبر

وادی کشمیر میں اتوار کے روز دیوالی کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ہندو مذہب سے وابستہ لوگوں خاص کر کشمیری پنڈتوں نے اس موقع پر بھگوان رام سے منسوب مندروں میں حاضر ہو کر امن و سکون کی بحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔مسلمان اور سکھ برادری کے لوگ اپنے پنڈت دوستوں اور ہمسایوں کے گھر مبارکبادی کے لئے گئے جہاں انہیں مٹھائیاں دی گئیں۔

سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے بھی اپنے اپنے کیمپوں میں دیوارلی کا تہورا انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا اور اس موقع پر ایک دوسرے کو مبارک باد بھی دی اورمٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ دیوالی ہندوں کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے جو ہندوستان کے علاوہ دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی بڑے جوش خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔روشنیوں کا تہوار دیوالی جو دیپاولی کے نام سے بھی معروف ہے ، ہندوں کے ایک عقائد کے مطابق بھگون شری رام چندر جی کے چودہ سال کی جلاوطنی اورلنکا پر فتح پا کر جب ایودھیا میں واپس لوٹے تو ان کے خیر مقدم میں سارے شہر کو چراغوں سے روشن کیا گیا اور جشن منایا گیا۔ اسی جشن کو دیوالی کے طورپر منایا جاتا ہے۔

اس لئے اس تہوار کو اندھیرے پر روشنی ، نادانی پر عقل اور برائی پر اچھائی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔دیوالی کاتہوار پانچ دن کا تہوار ہے جو دھنتیرس سے شروع ہوتا ہے، اس دن لوگ سونے یا کسی بھی دھات کی خریداری کو نیک شگون مانتے ہیں۔دیوالی کی آمد پر ہندو پیرو کار گھروں میں مرمت، تزئین و آرائش اور رنگ و روغن کرتے ہیں، مندروں کو بھی خوبصورتی کے ساتھ سجایاجاتا ہے اور خصوصی پوجا پاٹھ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔دیوالی کے دن ہندو پیرو کار نئے کپڑے زیب تن کرتے ہیں، دئے جلاتے ہیں، یہ دئے گھروں کے اندر باہر اور گلیوں میں بھی رکھے جاتے ہیں، دولت اور خوشحالی کی دیوی لکشمی ماتا کی پوجا کی جاتی ہے اور پٹاخے سر کئے جاتے ہیں۔ بعد میں اجتماعی دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں، دوست و احباب اور پڑوسیوں کو مدعوں کیا جاتاہے ، تحفےتحائف تقسیم کئے جاتے ہیں۔

ہندوستان میں ہندو ہی نہیں بلکہ سکھ اور جین بھی دیوالی کا تہوار دھوم دھام سے مناتے ہیں، جین پیرو کار مہاتما مہاویر کے موکش(نجات) پانے کی خوشی میں چراغ جلا کر دیوالی مناتے ہیں اور سکھ اس دیوالی کو ’بندی چھور دیوس‘ کے طورپر مناتے ہیں۔بتادیں کہ دیوالی کاتہوار ہندو مذہب کا سب سے بڑا تہوار ہے جس کو اس مذہب سے وابستہ لوگ دنیا بھر میں انتہائی مذہبی جوش و خروش اور احترام و عقیدت سے مناتے ہیں۔یو این آئی

Comments are closed.