حج 2023:عازمین حج کا پہلا قافلہ سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچا
سری نگر، فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق منگل کی صبح عازمین حج کا پہلا قافلہ سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد منگل کے روز 630 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سعودی عرب سے دو پروازوں میں سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے سری نگر کے لئے حج پروازیں 2 اگست تک جاری رہیں گی۔
سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچنے پر صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری، ضلع مجسٹریٹ بڈگام اشوک لبرو اور پولیس و سول انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے حجاج کرام کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ‘مجھے خوشی ہوئی حاجی صاحبان فریضہ ادائیگی کے بعد اپنے گھر واپس پہنچے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘مجھے امید ہے کہ ان کی دعائوں سے ملک اور ریاست کو فائدہ ہوگا’۔
سری نگر ہوائی اڈے پر حجاج کرام کے احباب و اقارب کی بڑی تعداد جمع تھی جو اپنے رشتہ دار حاجی صاحبان سے بغلگیر ہو رہے تھے۔
دریں اثنا متعلقہ حکام نے عازمین حج کی واپسی کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امسال جموں و کشمیر سے 1 ہزار 67 عازمین حج کے لئے روانہ ہوئے تھے جن میں 6698 مرد، 5369 خواتین شامل تھیں۔ علاوہ ازیں اس سال 111 خواتین نے بغیر محرم کے فریضہ حج انجام دیا۔
یو این آئی
Comments are closed.