پونچھ ملی ٹنٹ حملہ: سیکورٹی فورسز کا راجوری پونچھ کے کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری
جموں/21 اپریل
ضلع پونچھ میں جمعرات کو ملی ٹنٹ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کا راجوری- پونچھ کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بٹہ ڈوریا علاقے کے گھنے جنگلات میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کرکے وہاں ممکنہ طور پر چھپے جنگجوﺅں کی تلاش شروع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر وہاں چھپے جنگجوﺅں کی تلاش کے لئے ڈورن اور سنفر کتوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پونچھ اور راجوری سرحدی اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور سرحد پر چوکسی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے پونچھ بھمبر گلی شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خصوصی کمانڈوز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج، پولیس کے ساتھ ساتھ خصوصی کمانڈوز نے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے جبکہ ہیلی کاپٹروں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں چھ سے سات ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے جنہیں ڈھونڈنکالنے کی خاطر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق ضلع پونچھ کے بھمبر گلی علاقے میں جمعرات کو ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی جوانوں برسر موقع ہی از جان جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ جنگجوﺅں نے فوجی گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد گرینیڈ پھینکے جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔
Comments are closed.