انسداد تجاوزات مہم : نالہ سندھ پر تعمیر کئے گئے ڈھانچے منہدم ، شوپیاں میں 13کنال اراضی باز یاب
سرینگر6فروری
جموں وکشمیرمیں انسداد تجاوزات مہم کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا جس کے تحت وسن کنگن میں نالہ سندھ کے نزدیک تعمیر کئے گئے ڈھانچوں اور دیواروں کو منہدم کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پیر کے روز محکمہ مال کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ وسن کنگن میں نالہ سندھ کے باندھوں پر تعمیر کئے گئے ڈھانچوں کو منہدم کیا۔ذرائع نے بتایا کہ بااثر افراد اور کئی سیاستدانوں نے نالہ سندھ کے اردگرد غیر قانونی طورپر ہٹیں تعمیر کی تھیں جنہیں آج ہٹایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد گرمی کے ایام میں یہاں پر چھٹیاں منانے کی خاطر آتے تھے۔معلوم ہوا ہے کہ ڈھانچوں کو منہدم کرنے کے دوران وسن کنگن میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔دریں اثنا وادی کے دیگر اضلاع میں بھی غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کی مہم جاری ہے۔
علاوہ ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز انسداد تجاوزات مہم کے تحت محکمہ مال کی ٹیم نے شوپیاں میں 13کنال 16مرلہ جنگلاتی اراضی پر غیر قانونی قبضے کو چھڑایا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کل ملا کر 35کنال سرکاری اراضی ہے تاہم سابق وزیر نے 13کنال پر غیر قانونی طورپر قبضہ کیا ہوا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر تاج محی الدین کے زیر قبضہ سرکاری اراضی کو تحویل میں لے کر وہاں پر بورڈ نصب کیا گیا۔علاوہ ازیں پائین شہر کے بابا ڈیمب علاقے میں بھی چند ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر سری نگر میں آج سے انہدامی مہم میں شدت کا امکان ہے اور اس حوالے سے محکمہ مال کی ٹیموں کو بھی پوری طرح سے تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے
Comments are closed.