سیب پیدوار میں بے حد اضافہ ہونے کی وجہ سے میوہ گاڑیوں کو قومی شاہراہ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا/صوبائی کمشنر کشمیر

سری نگر،14 اکتوبر
صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں امسال سیب کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ درج ہونے کی وجہ سے میوہ سے لدے ٹرکوں کو سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں عام طور پر سیب کی پیدا وار 17 سے18 لاکھ ٹن ہوا کرتی تھی جو امسال21 لاکھ میٹرک ٹن تھی۔موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کو سرحدی ضلع کپوارہ کے لنگیٹ علاقے میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’وادی میں سیب کی پیدا وار عام طور پر 17 سے18 لاکھ ٹن ہوا کرتی تھی لیکن امسال یہ پیدا وار21 لاکھ میٹرک ٹن تھی‘۔ان کا کہنا تھا: ’پیدا وار میں خاطر خواہ اضافہ درج ہونے کے باعث قومی شاہراہ پر سیب سے لدے ٹرکوں کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا‘۔
پولے نے کہا کہ ماہ رواں کی 12 تاریخ تک سری نگر سے قومی شاہراہ کے راستے سے80 ہزار میوہ گاڑیاں ملک کی مختلف منڈیوں کی طرف روانہ ہوئیں جبکہ کچھ گاڑیوں کو مغل روڈ سے روانہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر میوہ گاڑیاں اچھی طرح سے چل رہی ہیں اور روزانہ 15 سو میوہ گاڑیاں روانہ کی ہوجاتی ہیں۔ یو این آئی

Comments are closed.