کشمیر مرکز ادب وثقافت کے زیر اہتمام ادبی تقریب کا انعقاد،جھیل ڈال کی شان رفتہ بحال کرنے پر زور

شام غزل ،بحث ومباحثے اورڈاکٹر غضنفرعلی غزل کی کتاب ’’گلبن خیال ‘‘کی رسم رونمائی

سرینگر /یکم اگست / کے پی ایس : کشمیر مرکز ادب وثقافت چرار شریف کی جانب سے شہر آفاق جھیل ڈل کے مشہور ہاوس بوٹ کرون آف انڈیا میں تین نشستوں پر مشتمل ایک پُروقار ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا .کشمیر پریس سروس کے موصولہ تفصیلات کے مطابق پہلی نشست ’’شام غزل ‘‘ عنوان کے تحت شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا ۔اس نشست کی صدارت کشمیری زبان وادب کے استاد اور شاعر واسکالر پروفیسر شاد رمضان نے کی جبکہ دوردرشن کیندر سرینگرنیوز کے ڈپٹی ڈائریکٹرقاضی سلطان بطور مہمان خصوصی اور محمد امین بٹ بحیثیت مہمان ذی وقار ایوان صدارت میں موجودتھے جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ۔ان میں یونس وحید ،نذیر ابن شہباز ،پروفیسر محمد زمان آزردہ ،شاد رمضان شامل تھے ۔بزم کے جنرل سیکریٹری اور روح رواں عنایت گُل نے تینوں نشستوں میں نظامت کے فرائض انجام دئے ۔دوسری نشست بحث ومباحثے پر مبنی تھی ۔اس نشست کی صدارت معروف اسکالر ،ادیب وقلمکار پروفیسر فاروق فیاض نے کی جبکہ ایوان صدارت میں یونس وحید ،مشتاق محروم موجود تھے ۔ا س نشست میں جہاں مقررین زبان وادب کے مختلف پہلو اجاگر کئے وہیں انہوں نے جھیل ڈل کی بگڑتی صورتحال پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قدرتی خوبصورتی سے مالامال اس قومی اثاثہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدام اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر جتنا ہمیں اپنی زبان وادب ،تہذیب وثقافت کو بچانے میں رول ادا کرنا ہے وہیں ہمیں جھیل کو بچانے میں اپنا کردار نبھانا ہے ۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ جھیل ڈل کی شان رفتہ کو بحال کرنے کیلئے ٹھوس اورموثر اقدام اٹھائیںتاکہ ہمارا یہ سرمایہ ضائع ہونے سے بچ جائے ۔اس دوران ’’کآ شر غزل ‘‘جھیل ڈل کے تحفظ کے حوالے سے بھی پیش کی گئی ۔تقریب کی تیسری نشست میں مرکزادب وثقافت کے صد ر ڈاکٹر غضنفر علی غزل ؔ کی کتاب ’’گلبن خیال ‘‘ کی رونمائی انجام دی گئی ۔اس تقریب رونمائی کی صدارت برصغیر کے معروف دانشور ،مصنف ،اسکالراور نقاد وشاعر پروفیسر محمد زمان آذر دہ نے کی جبکہ پروفیسر فاروق فیاض اور مشتاق محرم ایوان صدارت میں موجود تھے ۔کتاب کے حوالے سے یونس وحید نے تبصرہ پیش کیا جبکہ سائمسہ اشرف نے غضنفر علی کا کلام اپنی سریلی آواز میں پیش کرکے سامعین دلوں لبھایا ۔آخر پر عنایت گل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔

Comments are closed.