یکم اگست تک دس لاکھ اموات کا اندازہ؛ مودی حکومت کی ترجیح کورونا کو نہیں مخالفت کو قابو کرنے کی ہے، لینسیٹ

سرینگر: ایک طبی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت میں اگلے تین مہینوں میں قریب 10لاکھ افراد کی کوورناوائرس سے موت ہونے کا اندیشہ ہے ۔جریدے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس بحران سے نمٹنے کے بجائے وزیر اعظم اپنے مخالفین کی آواز دبانے پر توجہ دے رہے ہیں۔لینسیٹ میں شائع اداریہ میں تحریر ہے کہ مودی حکومت کی کوشش ہے کہ بحران کے اس دور میں کیسے اس کی تنقید اور کھلے مباحثوں کا گلا گھوٹا جائے۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ایک معروف طبی میگزین لینسیٹ میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں اگلے تین مہینوں کے دوران بھارت میں کووڈ سے مرنے والوں کی تعداد دس لاکھ تک بڑھ سکتی ہے ۔طب کی معروف میگزین ’لینسیٹ ‘ نے وزیر اعظم کی سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مودی حکومت کی ترجیح کورونا وباکو قابو میں کرنے کی نہیں ہے بلکہ ٹویٹر پر اپنے مخالفین کو ہٹانے کی ہے۔ اس اداریہ کو لے کر کانگریس نے حکومت پر حملہ کیا ہے۔لینسیٹ کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے بحران کے دوران تنقید اور کھلے مباحثوں کاگلا گھوٹنے کی جو کوشش کی ہے وہ ناقابل معافی ہے۔اداریہ میں دی انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ اویلیوشن کے اندازوں کا ذکر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یکم اگست تک کورونا سے دس لاکھ لوگوں کی موت ہو سکتی ہے۔اداریہ میں تحریر ہے کہ اگر ایساہوا تومودی حکومت اس خود کش قومی تباہی کے لئے ذمہ دار ہوگی کیونکہ سپر اسپریڈر ایونٹس کو لے کر انتباہ کرنیکے با وجود مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا اور اس کے ساتھ سیاسی ریلیاں بھی کی گئیں۔اداریہ میں ہندوستان کی ٹیکہ کاری مہم کی بھی تنقید کی گئی۔ اس میں مشورہ بھی دیا گیا کہ ٹیکہ کاری کو تیزی سیلاگو کیا جانا چاہئے۔اداریہ میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ حکومت کوشفافیت کے ساتھ اعداد و شمار شائع کرنے چاہئے۔اس اداریہ کولے کر کانگریس نے مودی حکومت پر نشانہ سادھا ہے۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور راجستھان کے انچارج اجے ماکن نے لینسیٹ میں شائع اداریہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدرتی آفت اب خود یعنی مودی حکومت کی بنائی ہوئی آفت کی جانب بڑھ رہی ہے۔جیسا اس میں تحریر ہے کہ یکم اگست تک دس لاکھ لوگوں کی موت ہو سکتی ہے جس کا مطلب ہیکہ اگلے ٠٨ دنوں میں سات لاکھ اموات ہو سکتی ہیں جو انتہائی تشویش کا پہلو ہے۔

Comments are closed.