سرینگر 14 اپریل /سی این ایس / اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے حکومت سے گذارش کی ہے کہ 26اکتوبر2020کو نئے اراضی قوانین کو واپس لیاجائے جس میں مہاجن اور کھتریوں کو نظر انداز کیاگیاہے ۔ایک بیان میں وکرم ملہوترہ نے کہاکہ دو طبقہ جات مہاجن اور کھتری کو بنیادی حقوق سے محروم رکھاگیا ہے اور حالیہ جموں وکشمیر نوٹیفائیڈ قوانین کے تحت وہ ایک مرلہ زرعی اراضی بھی فروخت نہیں کرسکتے۔ ملہوترہ نے کہا” جب ملک کے کسی دوسرے حصہ میں زمین کی خرید وفروخت پر بندش نہیں تو پھر جموں وکشمیر میں مہاجن اور کھتریوں کے زرعی اراضی خریدنے پر پابندی مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا”جموں وکشمیر یونین ٹیراٹری کے نئے قوانین کے تحت اِن دو طبقہ جات کے ساتھ امتیاز سے لوگوں میں کافی غم وغصہ ہے کہ خصوصی درجہ کی تنسیخ کے بعد حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اُن کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اِس قانون سے قبل مہاجن اپنی زمینوں پر زراعت پیشہ تھے لیکن اب اِس آرڈر نے اُن کے ایگریکلچرسٹ ہونے پر روک لگائی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ سماج خاص کر دو طبقہ جات جن کی تقریباً جموں وکشمیر میں 15لاکھ سے زائد آبادی ہے، کے مفادکے لئے امتیازی آرڈر واپس لیاجائے۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر نئے اراضی قوانین میں تفاوت کو دور نہ کیاگیا تو حکمراں جماعت کے خلاف جموں میں طوفان آئے ا اور لوگ حقوق کے لئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دونوں طبقہ جات میں مایوسی اور غصہ ہے کہ حکومت کے دروازے بارہا کھٹکھٹانے کے باوجود اُنہیں نظر انداز کیاگیا۔ غصہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف جس نے اچھے دنوں کا وعدہ کیاتھا لیکن جموں کے لوگوں کوبے چینی، تذبذب اور غیر یقینی ماحول میں چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نئے اراضی قوانین میں زرعی اراضی ایک غیر زراعت پیشہ شخص کومنتقل کرنے پر بھی پابندی ہے جبکہ پہلے قانون کے تحت چار کنال کی رعایت تھی۔ البتہ سیکشن 133Hمیں کہاگیا ہے کہ حکومت یا مجاز افسر ایک زراعت پیشہ شخص کو بیع نامہ، تحفہ، رہن یا تبادلہ کی صورت میں غیر زراعت پیشہ کو زمین منتقل کرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ دور ِ حکومت میں ایسی کوئی بندش نہ تھی اور ہر ایک کو یکساں حقوق حاصل تھے۔ بی جے پی نے جذباتی طور لوگوں کا استحصال کر کے ُانہیں گمراہ کیا اور اب اُن کی پول کھل گئی ہے۔ نوبت یہ پہنچ چکی ہے کہ جماعت کے خلاف لوگوں میں بڑھتے غم وغصہ کے بیچ بی جے پی لیڈران نے سامنے آنا ہی بند کر دیا ہے جوکہ اہلیان ِ جموں کے اعتماد کے ساتھ کھلواڑ ہے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.