میر واعظ کشمیر ڈاکٹرعمر فاروق کی طویل خانہ نظربندی ختم ؛ میر واعظ اپنی دینی اور سماجی خدمات انجام دے سکتے ہیں / حکام

سرینگر/04مارچ/سی این آئی// حریت کانفرنس (ع) کے چیرمین میر واعظ کشمیر ڈاکٹر محمد عمر فاروق کی نظربندی 20ماہ بعد ختم کردی گئی ہے ۔ حکام نے اس سلسلے میں باضابطہ طور پر میر واعظ کی نظربندی ختم کرنا کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر واعظ اپنی دینی اور سماجی سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں اور ان پر کوئی بندش نہیں ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق میرواعظ کشمیر اور حریت کانفرنس (ع) کے چیرمین اسلامی سکالر ڈاکٹر محمد عمر فاروق کی طویل نظر بندی جمعرات سے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ میر واعظ کی نظر بندی ختم کئے جانے کے سلسلے میں حکام نے بتایا کہ میر واعظ عمر فاروق اپنی دینی اور سماجی سرگرمیوں کیلئے آزاد ہیں اور ان پر اب سے کوئی بندش نہیں ہے ۔ ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگر چہ میر واعظ کی خانہ نظر بندی ختم کردی گئی ہے لیکن اْن کی رہائش گاہ واقع نگین سرینگرکے باہر اب بھی پولیس کی گاڑی موجود ہے۔یاد رہے کہ میر واعظ کشمیر اور دیگر مین سٹریم و علیٰحدگی پسند جماعتوں کے لیڈران کو 4اگست 2019کو خانہ نظر بند کیا گیا تھا جبکہ حریت اور مین سٹریم جماعتوں کے متعدد لیڈران کو گرفتار کرکے مختلف جیلوں میں قید کیا گیا ہے اور پانچ اگست 2019کو جموں کشمیر کے خصوصی درجہ کی منسوخی کا وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ میر واعظ کل یعنی جمعہ کو جامع مسجد سرینگر میں نماز سے قبل خطاب کریں گے۔

Comments are closed.