صفاکدل سرینگر میں آگ کی بھیانک واردات میں دو رہائشی مکانات تباہ

متاثرین کی بھر پور مالی معاونت کی جائے عوام سے دارالخیر کی اپیل

سرینگر/23فروری/سی این آئی// صفاکدل سرینگر میں آگ کی بھیانک واردات میں دو رہائشی مکانات اور املاک کے تباہ ہونے پر دارالخیر میر واعظ منزل نے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے جبکہ ادارے نے متاثرین کی بھر پور معالی معاونت کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق دارالخیر میرواعظ منزل نے گزشتہ دنوں شہر سرینگر کے چائے دوب صفاکدل کے رہائشی علاقے میں بھیانک آتشزدگی کے نتیجے میں دو رہائشی مکانات اور املاک و جائیداد کے نقصانات پر زبردست دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور شدید موسم سرما کے ان ایام میں متاثرین کی باز آبادکاری اور امداد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالخیر میرواعظ منزل سرینگر کے نظر بند رکھے گئے سرپرست اعلیٰ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمرفاروق کی ہدایت پر ایک وفدنے جس کی قیادت دارالخیر کے رکن جناب مفتی غلام رسول سامون صاحب کررہے تھے نے چائے دوب سرینگر جاکر کنبوں کے متاثرین میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ وغیرہ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں بطور امداد پیش کیں اور ان کے ساتھ دارالخیر کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر دارالخیر میرواعظ منزل نے یہ بات پھر دہرائی ہے کہ ملت کشمیر اس حقیقت سے باخبر ہیں کہ دارالخیر میرواعظ منزل اپنے قیام کی مدت سے لیکر آج تک برابر اپنے مخلصین کی مالی اور جنسی معاونت سے برا بر آفات سماویہ و ارضیہ کے دوران بلا امتیاز مذہب و ملت متاثرین کی حتی المقدور امداد اور بحالی کیلئے اپنی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔اس ضمن میں دارالخیر میرواعظ منزل نے اہل ثروت حضرات سے ماضی کی طرح اس ملی ادارے کی ہر ممکن مدد اور معاونت کی اپیل دہرائی ہے تاکہ امدادی کام جاری رکھا جاسکے۔

Comments are closed.