نواکدل سرینگر میںآگ کی واردات میں 3رہائشی مکانات کو نقصان ; کپوارہ میں شبانہ آگ ، 6دکانات خاکستر ، لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ

سرینگر/17جنوری/: نواکدل سرینگر میں آگ کی بھیانک واردات میں تین رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ میں آتشزدگی کی ایک اور واردات میں متعدد دکانات خاکستر ہوئے ہیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق پائین شہر کے نواکدل ملباب صاحب میں اتوار کے روز ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کے دیگر دو اور مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اس دوران مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ فوری طور پر جائے واردات پر پہنچا جنہوںنے کافی مشقت کے بعد آگ پرقابو پالیا ۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی ۔ ادھر سرحدی ضلع کپوارہ کے اولڈ چوک میں شبانہ آگ کی واردات رونماء ہوئی ہے جس میں متعدد دکانوں خاکستر ہوئے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سرحدی ضلع کپوارہ کے اولڈ چوک میں آگ کی شبانہ واردات میں 6دکانات خاکستر ہوئے ہیں جن میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ آگ کی لپٹیں دور دور تک دکھائی دے رہی تھیںاور اندھیری رات میں آگ سے لوگ خوف زدہ ہوئے ۔ اس دوران اگرچہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوںنے آگ پر قابوپانے کی کوشش کی تاہم تب تک متعدد دکانات آگ کی لپیٹ میں آچکے تھے ۔

Comments are closed.