ٹنگہ دنوکولگام میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مختصر جھڑپ ، دو لشکر جنگجو ئوں کی خود سپردگی

دونوں جنگجو نٹی پورہ سرینگر میں پی ڈی پی لیڈر کے ذاتی محافظ پر حملے میںملوث تھے

امسال ابھی تک جھڑپوں کے دوران 12جنگجوئوںنے ہتھیار ڈال کر خود سپردگی کی / آئی جی پی کشمیر

سرینگر/22دسمبر: جنوبی ضلع کولگام کے ٹنگہ دنوعلاقے میںفوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مختصر گولیوں کے تبادلے کے دوران عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو ئوں نے خود سپردگی کی ۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں نٹی پورہ سرینگر میں پی ڈی پی لیڈر کے ذاتی محافظ پر حملے میںملوث تھے ۔ انہوں نے کہا کہ امسال جھڑپوں کے دوران 12جنگجوئوں نے ہتھیار چھوڑ کر سیکورٹی فورسز کے سامنے خود سپردگی کی ۔ سی این آئی کے مطابق ٹنگہ دنو کولگام علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج کے 34آر آر، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے منگل کی اعلیٰ الصبح علاقے میںتلاشی آپریشن عمل میںلایا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کر دیا اورا س جگہ کی جانب پیش قدمی کرنے کی کوشش کی جہاں جنگجوئوں چھپے بیٹھے تھے تو وہاں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں مختصر گولیوں کے تبادلے کے بعد پولیس نے محاصرے میں پھنسے دونوں جنگجوئوں کے والدین کو طلب کر جنہوں نے دونوں کو سرنڈر کرنے کی اپیل کی اور دونوں نے اپیل پر عمل کرکے اپنے آپ کو فورسز کے حوالے کیا ۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں جنگجو ئوں نے والدین کی اپیل پر سیکورٹی فورسز کے سامنے خود سپردگی کی ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کئے گئے دونوں جنگجو عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھے اور دونوں حالیہ دنوں نٹی پورہ سرینگر میںپی ڈی پی لیڈر کے ذاتی محافظ پر حملے میںملوث تھے ۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ سال رواں میں سیکورٹی فورسز کوکافی کامیابی ملی کیونکہ امسال جھڑپوں کے دوران 12جنگجوئوں نے ہتھیار ڈال کر سیکورٹی فورسز کے سامنے خود سپردگی کر دی ۔ جو کہ ابھی تک دیگر سالوں کے مقابلے میں کافی زیادہ تعداد ہے ۔

Comments are closed.