ماچھو بڈگام میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین شبانہ جھڑپ ، جیش کمانڈر مقامی ساتھی سمیت جاں بحق

رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ، طرفین کے مابین گولی باری میں ایک فوجی اہلکار بھی زخمی ، علاقے میں آپریشن ختم

سرینگر/28اکتوبر/سی این آئی// وسطی ضلع بڈگام کے ماچھو چاڈرہ بڈگام علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین شبانہ جھڑپ میں جیش کمانڈر سمیت دو جنگجو جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک رہائشی مکان بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا ۔ طرفین کے مابین گولی باری کے نتیجے میں فوجی اہلکار بھی زخمی ہو گیا ہے ۔ پولیس نے جھڑپ میں دو جیش جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک جنگجوئوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا ۔ سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ ماچھوبڈگام کے آری باغ علاقے میں دو جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج کے 50آر آر ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے منگل کی شام دیر گئے علاقے کو محاصرے میں لیا اور وہاں تلاشی کارورائی شروع کر دی ۔ ذرائع کے مطابق جونہی علاقے میںتلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا اور سیکورٹی فورسز نے اس مکان جس میں جنگجو چھپنے بیٹھے تھے کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی تو مکان میںموجود جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور فورسز پر اندھا دھند گولیاں چلائی ۔ جس کے ساتھ ہی فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی کارورائی کی اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں فوج کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا جس کو علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ، جبکہ فوج و فورسز کی اضافی کمک علاقے کی طرف روانہ کر دی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو نرغے میںلیا اور جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دگئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی گولی باری کے نتیجے میں پورا علاقہ لرزا ٹھا جبکہ کچھ دیر تک علاقے میں خاموشی چھا گئی جس دوران پولیس و سیکورٹی فورسز نے رہائشی مکان میں محصور دونوں جنگجوئوں کو ہتھیار ڈال کر خود سپردگی کرنے کی پیشکش کی تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرادی اور شدید فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی فوج و فورسز نے بھی جوابی کارورائی کی ۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں رات دیر گئے دونوں اطراف سے گولیوں کا تبادلہ جاری رہا اور گولیوں کی گن گرج اور دھماکوں سے پورا علاقہ رات بھر لرز اٹھا ۔ ذرائع کے مطابق رات کے قریب 12بجے علاقے میں جونہی گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے دو جنگجوئوں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی جس کے بعد بدھ کی اعلیٰ صبح تک آپریشن موخر کر دیا گیا اور جونہی بدھ کی صبح آپریشن بحال کیا گیا تو دونوں جنگجوئوں کی شناخت غیر ملکی جیش کمانڈر الیاس عرف ولید اور جاوید احمد ساکنہ پلوامہ کے بطور ہوئی اور دونو ں کا تعلق عسکری تنظیم جیش محمد سے تھا ۔ پولیس نے جھڑپ میں دو جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ماچھوا علاقے میں گذشتہ شام دیر گئے فورسز نے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میںرات بھر وقفے وقفے سے گولیاں چلنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم علی الصبح جنگجوئوں کیخلاف آپریشن میں شدت لائی گئی جس کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں مہلوک جنگجوئوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کر لیا گیا ہے ۔

Comments are closed.