شہر خاص بجلی لوڈ شیڈنگ سے صارفین کو شدید دشواریوں کا سامنا: دن میں کئی بار بجلی منقطع رکھی جاتی ہے ، صارفین کا محکمہ کے خلاف شدید غم و غصہ

سرینگر/27اکتوبر: شہر سرینگر باالخصوص شہر خاص میں خفیہ بجلی کٹوتی شیڈول شروع کرنے پر صارفین نے محکمہ بجلی کے خلاف سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت سرینگر کوماڈل سٹی بنانے کا را گ الاپتی ہے تو دوسری طرف شہر کو برقی رو سے محروم رکھا جاتا ہے ۔ صارفین نے کہا بجلی فیس تو وقت پر اداکیا جاتا ہے لیکن بجلی کٹوتی بھی جاری ہے ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شہر سرینگر کے مختلف علاقوں میں خفیہ بجلی کٹوتی شیڈول پر عمل کرتے ہوئے محکمہ نے دن میں گھنٹو ں بجلی بند رکھنے کا عمل شروع کیا ہے ۔ خاص کر شہر خاص کے مختلف علاقوں میں بجلی کی کٹوتی شروع کی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہر خاص کے رعناواری ، نوہٹہ، خانیار، بہوری کدل، راجوری کدل، گوجورارہ اور دیگر علاقوں میں بجلی کٹوتی کا عمل گذشتہ پندرہ دنوں سے جاری ہے ۔بجلی کٹوتی شروع کرنے پر صارفین نے محکمہ بجلی کے خلاف اپنی شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف سرکار شہر سرینگر کو ماڈل شہر بنانے کا راگ الاپتی ہے تو دوسر طرف شہر آبادی کو بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے ۔۔ انہوںنے محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام اور ریاستی گورنر کے مشیر خورشید گنائی سے اپیل کی ہے کہ بجلی کے خفیہ شیڈول کو فوری طور پر بند کرانے کیلئے مداخلت کریں تاکہ لوگوں کی درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔

Comments are closed.