پولیس کی جانب سے شہر خاص میں منشیات مخالف مہم ؛ مقامی لوگوں نے کی سراہنا ، ملوثین کو سزا دی جائے ،پولیس کوانسداد منشیات کیلئے ہر ممکن تعاون دینے کا یقین دلایا
سرینگر /19اکتوبر / کے پی ایس: منشیات کے بڑھتے رجحان کے بیچ اس کیخلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس اسٹیشن نائٹ سرینگر کے ایس ایچ او نے منشیات کے دھندے میں ملوث افراد کے ایک سرغنہ گروہ کی گرفتاری عمل میں لاکرایک مثالی کارنامہ انجام دیا اور ان کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ۔اس سلسلے میں شہر خاص کے لوگوں نے ایس ایچ او موصوف کی جانب سے منشیات مخالف اقدامات اٹھائے جانے پر ان کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ آج پہلی بار پولیس نے مثالی دلچسپی کا مظاہرہ کرکے منشیات کے لت میں مبتلا نوجوانوں کو گرفتار کرنے اور منشیات کے انسداد کیلئے اقدامات اٹھانے شروع کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منشیات نے نئی پود کو بُری طرح سے اپنی لپیٹ لیا ہے اور نوجوانوں کی اکثریت اس لت میں مبتلا ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے سماج کا سرمایہ ہے اور ہماری تمام امیدیں انہی کے ساتھ وابستہ ہیں ۔لیکن جب یہ نوجوان بُری عادتوں کاشکار ہوجاتا ہے تو سماج کی بہتر تعمیر دور دور تک دکھائی نہیں دی جاتی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ موصوف نے جس انداز سے منشیات مخالف سرگرمیاں شروع کی ہیں اس سے شہر خاص کے نوجوانوں کا اس حوالہ تحفظ یقینی بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات ہی سماجی برائیوں کی جڑ ہے اور کے انسداد اور روکتھام کیلئے پولیس کا تعاون کرنا ہماری اجتماعی اور انفرادی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اگر ایس ایچ او موصوف نے منشیات مخالف مہم کو اسی جذبہ کے تحت جاری رکھا تو اس میں وہ ان کا ہر ممکن تعاون دینے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے پولیس حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حسب روایت سمجھوتہ کرکے ان کو رہا کیا گیا تو یہ گرفتاری اور مہم فضول مشق ہے اور اس طرز عمل سے منشیات کی لت میں مبتلا ہونے والے نوجوان خوفزدہ نہیں بلکہ ان کی ہمت بڑھ جاتی ہے ۔اس لئے ضرورت ہے کہ ان کو ایسی سزا دی جائے کہ کوئی دوسرا اس طرح کی مزموم حرکت کرنے کی جرات نہ کرے ۔
Comments are closed.