بی جے پی کے لیڈر کے رہائشی مکان کے باہر گولیاں چلائی گئیں

علاقے میں خوف و ہراس ، فورسز نے گھر گھر تلاشی بھی کی کوئی گرفتار نہیں

سرینگر/11اکتوبر: پونچھ میں ایک بی جے پی کے لیڈر کے رہائشی مکان کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے گولیاں چلائے جانے کے نتیجے میں علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے جبکہ فورسز و پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن بھی چلایا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے بالاکوٹ علاقے میں اتوار کی علی الصبح بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک لیڈر کی رہائش گارہ کے نزدیک گولیوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بالاکوٹ میں ایک بی جے پی لیڈر کی رہائش گاہ کے نزدیک ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب قریب ساڑھے تین بجے گولیوں کی آوازیں سنی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک گولی کا نشان موصوف لیڈر کے مکان کی دیوار پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔گولیاں چلنے کے نتیجے میں علاقہ میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ فورسز وپولیس نے فوری طور پر علاقے کو محاصرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی شروع کردی تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور ناہی کوئی ہتھیار برآمد کیا گیا ۔

Comments are closed.