عمرہ کے خواہشمند بھارتی شہریوںکو ابھی کرنا ہوگا مزید انتظار؛ سعودی عرب کی جانب سے ہندوستانیوں کو ابھی ویزا فراہم نہیں ہوگا
سرینگر/06اکتوبر:عمر ہ کو جانے والے ہندوستانی خواہشمندوں کو ابھی اور انتظار کرنا پڑے گا کیوںکہ سعودی عرب نے ہندوستان کے ساتھ فضائی رابطہ بحال نہیں کیا ہے اور ناہی ابھی عمرہ کیلئے ہندوستانیوں کو ویزا فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں سعودی حکومت کے ذریعہ عمرہ پر لگی پابندی کو ختم کرنے کے اعلان سے عمرہ کے خواہشمند لوگوں میں خوشی دیکھی گئی ہے لیکن پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے مطابق سعودی حکومت کے اجازت نامے میں ہندوستان کا نام شامل نہیں ہے۔ جس وجہ سے ملک میں عمرہ کرنے کے خواہشمند لوگوں کو مزید تین سے چار مہینہ انتظار کرنا پڑے گا۔ آپریٹروں کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے معاملوں میں کمی کے بعد ہی ہندوستان کے لوگوں کو عمرہ کی اجازت مل سکتی ہے۔کرونا وائرس کی وبا کے باعث لگائی گئی پابندیوں کے بعد سات ماہ بعد مسجد حرام کو زائرین کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب عمرہ کے مناسک کا مرحلہ وار آغاز کر دیا گیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں 30 فی صد عازمین عمرہ کو مناسک کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔دوسرا مرحلہ 18 اکتوبر کو شروع ہو گا ، جس میں عازمین عمرہ کی گنجائش بڑھا کر 75 فی صد اور تیسرے مرحلے میں اندورن اور بیرون ملک سے 100 فی صد عازمین عمرہ کو اجازت دی جائے گی۔ معتمرین کے لئے عمرہ کی ادائیگی کے دوران نئی شرائط اور کورونا وبا کے پیش نظر ایس او پیز تیار کیے گئے ہیں۔عمرہ کی ادائیگی میں معاونت کے لیے انتظامی امور، محکمہ صحت، صفائی، رضا کار اور دیگر معاون ادارے بھی اپنی اپنی خدمات انجام دیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ عمرہ کیلئے اس مرتبہ مسجد حرام میں ایک ہزار اضافی ملازمین کا عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔
Comments are closed.