ضلع اننت ناگ میں مالکان اینٹ بھٹ کی من مانیاںعروج پر ؛ سرکارکی مقرر قیمت 21ہزار کے بجائے 28ہزار میں فروخت کی جارہی ہیں / عوام کا الزام

سرینگر /3اکتوبر /کے پی ایس :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میںمالکان اینٹ بھٹ کی من مانیاںعروج پر ہے جس سے عوام کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں ضلع کے مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کو بتایا کہ بھٹ مالکان نے اینٹوں کی قیمتوں میں غیرقانونی طور اضافہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر اینٹوں کی فی گاڑی کی قیمت 21ہزار روپے مقرر کی گئی ہے لیکن بھٹ مالکان نے سرکاری احکامات کو بالائے طاق رکھ کر 27۔28ہزار روپے اینٹوں کی فی گاڑی فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی شخص بھٹ مالک سے قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے تقاضا کرتا ہے تو وہ اپنی خود غرضی اور من مانی سے خاطرخواہ جواب دینے سے انکار کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی ڈھانچوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے آج سیزن موذون ہے لیکن بھٹ مالکان اس وقت کا ناجائز فائدہ اٹھاکر لوگوں کو لوٹنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ناانصافی کے حوالے سے اگر چہ زیر تعمیر رہائشی مکانوں یادیگر ڈھانچوں کے مالکان نے متعلقہ افسران کی نوٹس میں معاملہ لایا تاہم کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ۔اس سلسلے میں انہوں نے انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر اننت ناگ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھٹ مالکا ن کی اس غیرقانونی حرکت کیخلاف فوری طور کاروائی عمل میں لائی جائے اور ان کو ہدایت دی جائے کہ وہ سرکاری طور مقرر کی گئی قیمتوں کے مطابق اینٹیں فروخت کریں تاکہ لوگوں پر اضافی قیمتوں کی لٹکتی تلوار کے نیام نیچے آجائیں گے ۔

Comments are closed.