سنگم مڑہامہ میں فورسز پارٹی پر حملے کے بعد مختصر جھڑپ ، جنگجو فورسز کو چکمہ دیکر فرار؛ علاقے میں تلاشی آپریشن

سرینگر/29ستمبر/سی این آئی// جنوبی قصبہ بجبہاڑہ کے سنگم مڑہامہ علاقے میں فورسز پارٹی پر حملے کے بعد فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مختصر جھڑپ ہوئی جبکہ جنگجو فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ۔سی این آئی کے مطابق مڑہامہ سنگم علاقے میں منگل کی صبح اس وقت افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب مسلح جنگجوئوں نے فورسز پارٹی کو نشانہ بنا کر شدید فائرنگ کی ۔ عین شاہدین کے مطابق جنگجوئوںکی جانب سے سیکورٹی فورسز پر حملے کے ساتھ ہی فورسز اہلکارو ں نے بھی جوابی فائرنگ کی اور علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ کچھ منٹوں تک جاری رہا ۔ ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ علاقے میں گولیوں کی گن گرج سنائی دینے کے ساتھ ہی لوگوں میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی اور وہ اپنی جانوں کو بچانے کیلئے محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ۔ علاقے میں فورسز پارٹی پر حملے کے ساتھ ہی فوج و فورسز اور پولیس کی اضافہ کمک روانہ ہوئی جنہوں نے پورے علاقے کو محاصرے میںلیکر تلاشی کارروائی عمل میںلائی تاہم کہیں سے بھی دوبارہ جنگجوئوں اور فورسز کے مابین آمنا سامنا نہ ہونے کے بعد علاقے کا محاصرہ ختم کر دیا گیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح جنگجوئوں نے مڑہامہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر حملہ کیا جس دوران فورسز اہلکاروں نے بھی جوابی کارورائی کی تاہم اس دوران کوئی بھی جانی یا مالی نقصان نہیںہوا ۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔

Comments are closed.