8 محرم کے پیش نظر سرینگر کے سول لائنز میں سخت ترین بند شیں عائد

کئی مقامات پر تعزیہ جلوس نکالنے کی کوشش پولیس نے بنائی ناکام ، درجنوں گرفتار

سرینگر/28اگست/سی این آئی/ محرم الحرام کے پیش نظر تعزیہ کے جلوس برآمد ہونے کے خدشات کے پیش نظر شہر سرینگر کے6پولیس تھانوںکے تحت آنے والے علاقوں میں جمعہ کی صبح سے اورسخت ترین بندشوںکے بیچ کئی مقامات پر ماتمی جلوس نکالنے کی کوشش میں دوران درجنوں عزاداروں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ سی این آئی نمائندے کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی شیعہ برادری سے وابستہ لوگوں نے آ بی گذرسرینگر میں8محرم الحرام کے سلسلے میں تعزیہ کے جلوس نکالنے کا پروگرام مرتب کیا تھا۔جمعرات کی شام ضلع انتظامیہ نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا کہ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کی غرض سے ان علاقوں میں بندشوں کا نفاذ کیا جائے۔انتظامیہ نے6پولیس تھانوں ، کوٹھی باغ، کرالہ کھڈ، بٹہ مالواور شہید گنج ،مائسمہ ،رام منشی باغ حدود میں آنے والے علاقوں میں بندشیں نافذ کر دی ہے جبکہ لالچوک تک آنے والی تمام سڑکوں کو کی ناکہ بند کی گئی جس کے نتیجے میںمعمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے۔ صبح ان تمام علاقوں سے گذرنے والی سڑکوں کو سیل کیاگیا اور پولیس و سی آر پی ایف کے اہلکار بھاری تعداد میں تعینات کئے گئے تھے۔ سڑکوں پر ہتھیاروں سے لیس صرف پولیس اور سی آر پی ایف کے سینکڑوں اہلکار نظر آئے۔پولیس اور فورسز نے لالچوک کی طرف جانے والے تمام راستوں کو مکمل طور سیل کردیا تھا اور اس ضمن میں فائر سروس ہیڈ کوارٹر بٹہ مالو ،ہفت چنار، ریڈیو کراسنگ ، کرن نگر اور دیگر کئی جگہوں پر خصوصی ناکے بٹھانے کے علاوہ شہید گنج اور دیگر علاقوں میں سختی کے ساتھ فورسز اور پولیس نے ناکہ بندی کی جبکہ خیام چوک سے ڈل گیٹ ،منور آباد چوک سے لالچوک اور کرنگر سے لالچوک کی جانب کسی کو آنے کی اجازت نہیں ملی جس کی وجہ سے لوگ دن بھرپریشان دیکھے گئے۔ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اگرچہ لوگوں کو ایک ایک کرکے چلنے کی اجازت دی گئی تاہم پولیس نے دفعہ144کو برقرار رکھنے کیلئے لوگوں کوایک جگہ جمع ہونے کی اجازت نہیں دی۔ سخت ترین پابندیوں کے باوجود شہید گنج سے سینکڑوں عزاداروں نے جلوس نکال کر لالچوک کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی۔عزادار مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی کررہے تھے جس دوران پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری جمعیت نے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی۔جس دوران عزاداروں کو حراست میں لیا گیا ۔ادھر آبی گذر علاقے سے بھی عزادوروں نے ایک جلوس نکالنے کی کوشش کی جس کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے درجنوں اعزا داروں کی گرفتاری عمل میں لائی ۔اس دوران وادی کے کئی اضلاع میں جلوس برآمد کئے گئے جبکہ ڈانگر پورہ سنمبل،بارہمولہ سعد پورہ سوپور،ہائیگام بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں جلوس برآمد کئے گئے پالر،خان پورہ ،بڈنہ ،پٹن، ماگام، بجبہاڑہ، کوکرناگ،سمبل، سوناواری ،پاریس آباد، اڑورہ، بوگہ چھل، دوین چاڑورہ، اسکندرپورہ، ریسی پورہ، ، ضلع بانڈی پورہ میں اوڑینہ، ذالپورہ، گنڈ نوگام، سونہ برن، گامدو، کھنہ پیٹھ اور اوچلی پورہ کے علاوہ جموں اور کرگل میں بھی تعزیتی جلوس برآمد کئے گئے۔جلوسوں میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔

Comments are closed.