جموں کشمیر سے دفعہ 370کی منسوخی کے تمام فوائد کو حاصل کرنے کیلئے عوام کو صبر رکھنا ہوگا / چیف سیکررٹری

گزشتہ سال ماہ اگست میں لیڈران کی گرفتاری پر ایک بھی فرد نے آنسو نہ بہائے نہ فریاد کی

پنچوں اور سر پنچوں کی خالی پڑی سیٹوں پر انتخابات صورتحال میں بہتری آتی ہی منعقد ہونگے

سرینگر/07اگست: جموں کشمیر سے دفعہ 370کی منسوخی کے تمام فوائد کو حاصل کرنے کیلئے عوام کو صبر رکھنا ہوگا کی بات کرتے ہوئے جموں کشمیر کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبرامنیم نے کہا ہے کہ جموں کشمیر ایک ٹوٹی ہوئی ریاست تھی اور گزشتہ سال ماہ اگست میں لیڈران کی گرفتاری پر ایک بھی فرد نے آنسو نہیں بہایا ۔ اسی دوران انہوںنے کہا کہ پنچوں اور سر پنچوں کی خالی پڑی سیٹوں پر انتخابات موجودہ صورتحال میں بہتر ی آنے کے ساتھ ہی منعقد کرائے جائیں گے ۔ سی این آئی کے مطابق معروف خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے جموں کشمیر کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبرامنیم نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد اس کے فوائد سے لطف اندوز ہونے کے لئے صبر کرنا ہوگا کیونکہ ابھی تک بہت سارے مثبت اقدامات مکمل طور پر سامنے نہیں آسکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک ٹوٹی ہوئی ریاست تھی اور بد انتظامی ، بدعنوانی اور ناقابل یقین حد تک دھوکہ دہی کے سبب وہاں کوئی نظام موجود نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ رہی کہ جموںکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی کے بعد جب سیاسی و مزاحمتی لیڈران کو گرفتار کر لیا گیا تو کسی فرد نے آنسو نہیں بہایا اور نہ کسی نے فریاد کی ۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد لوگوں کو بہت سارے فوائد حاصل کرنے کے لئے صبر کرنا ہوگا کیونکہ پچھلے سال 5 اگست کو جو کچھ ہوا تھا ، اسے مکمل طور پر نافذ نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جون 2018 میں جموں و کشمیر آنے سے پہلے میں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور اپنی نئی ذمہ داری کے لئے رہنمائی حاصل کی۔جس دوران وزیر اعظم نے مجھے کہا کہ جاؤ ، انتظامیہ کو صاف کرو ، اسے دوبارہ تعمیر کرو ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایک خوفناک صورتحال تھی۔ چیزیں بدعنوانی کے لئے ڈیزائن کی گئیں۔ غلط حکمرانی اور بدعنوانی اتنے عرصے سے تھی کہ نظام اندر سے گر گیا۔ پنچوں اور سر پنچوں کیلئے خالی پڑی سیٹوں پر انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ کورنا وائرس کی وبائی ختم ہونے کے بعد ہی صورتحال میں بہتری آتے ہی ان سیٹوں پر بھی ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے ۔

Comments are closed.