منوج سنہا نے جموں کشمیر کے نئے لیفٹنٹ گورنر کے عہدے کا حلف لیا
/ منوج سنہا جموں کشمیر میں امن و امان اور تعمیر و ترقی کے علاوہ عسکریت کا خاتمہ میرا مشن ہے
جموں کشمیر جنت اور بھارت کا تاج ، ہر کسی کے ساتھ ایک جیسا بر تائو ہوگا ، کوئی بید بھائو نہیں کیا جاسکتا
سرینگر/07اگست: بی جے پی کے سنیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر منوج سنہا نے جمعہ کو جموں کشمیر کے نئے لیفٹنٹ گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔اس موقعہ پر نئے لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ جموںکشمیر میں امن و امان اور تعمیر و ترقی کے علاوہ عسکریت کا خاتمہ ان کا مشن ہے جبکہ لوگوں سے براہ راست جڑے رہیں گئے ۔ سی این آئی کے مطابق گریش چندر مرمو کے جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سابق مرکزی وزیر منوج سنہا کو جموں کشمیر کا نیا لیفٹنٹ گورنر مقرر کیا گیا اور جمعہ کو انہوںنے اپنے عہدے کا حلف لیا ۔ راج بھون سرینگر میں حلف برداری کی مختصر تقریب منعقد ہوئی جس دوران جموں کشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا متل نے انہیں حلف دلایا ۔ اس موقعہ پر بی جے پی سے وابستہ کئی سنیئر لیڈران بھی موجود تھے ۔حلف برداری کے فوراً بعد لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے نامہ نگاروں کو بتایا’’اگست5جموں کشمیر کی تاریخ کاایک اہم د ن ہے۔اْس دن سالوں بعد جموں کشمیر قومی مین اسٹریم میں داخل ہوا۔مجھے یہاں نامکمل کاموں تکمیل کیلئے بھیجا گیا ہے ‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ میں یہاں کی ترقی میں تیزی لانا چاہتا ہوں‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموںکشمیر میں امن وامان کے صورتحال کو بنائے رکھنا اور عسکریت کا خاتمہ ان کا مشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموںکشمیر جنت اور بھارت کا تاج ہے ۔ مجھے یہاں اپنے اپنا کردار ادا کرنے کا موقعہ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کے ساتھ ایک جیسا بر تائو کیا جائے گا کسی کے ساتھ بید بھائو نہیں کیا جاسکتا ۔ سنہا نے مزید کہا کہ جموںکشمیر کے عوام کے فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام کے ساتھ ساتھ میڈیا سے بھی میں جڑ رہوں گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے مسائل و مطالبات کو بغور سنا جائے گا اور ان مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ۔ خیال رہے کہ سنہا نے آئی اے ایس آفیسر جی سی مرمو کی جگہ لی جنہیں بھارت کا کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کے طور تعینات کیا گیا ہے۔یکم جولائی 1959 کو اتر پردیش کے وارانسی میں پیدا ہوئے منوج سنہا نے بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) سے بی ٹیک اور ایم ٹیک کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے طالب علمی کے زمانے سے ہی سیاست میں قدم رکھ دیا تھا۔ وہ بی ایچ یو کی طلبہ یونین کیصدر بھی رہے۔ منوج سنہا پہلی بار مرتبہ 1996 میں گیارہویں لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔
Comments are closed.