کولگام کے نگناڈ دمحال ہانجی پورہ میں مسلح تصادم آرائی ، جیش کمانڈر دو ساتھیوں سمیت جا بحق
طرفین کے مابین گولیوںکے تبادلے میں دو فوجی اہلکار زخمی ، رہائشی مکان کو نقصان ، کولگام میں انٹر نیٹ بند
مہلوک جنگجوئوں کے قبضے سے امریکی ساختہ M-4 کاربین برآمد ، جیش کمانڈر آئی ای ڈی ماہر تھا / پولیس
سرینگر/17جولائی: جنگجوئوںکے خلاف شمال و جنوب میں آپریشنوں میں تیزی کے بیچ جمعہ کی اعلی الصبح جنوبی ضلع کولگام کے نگناڈ دمحال ہانجی پورہ علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں آئی ای ڈی ماہر جیش کمانڈر سمیت تین جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ جبکہ طرفین کے مابین گولیاں کے تبادلے میں دو فوجی اہلکار بھی زخمی ہو گئے اور مکان کو نقصان پہنچ گیا ۔ پولیس سربراہ نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں جیش کمانڈر اپنے دو ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا ۔ جھڑپ کے ساتھ ہی ضلع کولگام میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی جبکہ حساس مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ سی این آئی کے مطابق کولگام کے نگناڈ چیمر دمحال ہانجی پورہ علاقے میں دو سے تین جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جمعہ کی اعلیٰ صبح قریب چار بجے فوج کے 9آرا ٓر ، سی آر پی ایف اور ایس اوجی کولگام نے مشتر کہ طور پر علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارورائی شروع کر دی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں اس وقت گولیوں کی گن گرج سے لوگ سہم کر رہ گئے جب ایک رہائشی مکان میںموجود مسلح جنگجوئوں نے فوج و فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی ۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے ساتھ ہی فوج و فورسز کی اضافی کمک علاقے کی طرف روانہ کی گئی اور جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے جبکہ فورسز نے بھی جوابی کارورائی شروع کی اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس دوران اگرچہ جنگجوئوں کو خود سپردگی کی پیشکش بھی کی گئی تاہم انہوں نے پیشکش ٹھہرائی اور شدید فائرنگ کی ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک جنگجو جاں بحق ہو گیا جبکہ فوج کے دو اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید چھپے بیٹھے دوجنگجوئوںکے خلاف آپریشن وسیع کر دیا گیا اور طرفین کے مابین کئی گھنٹوں کی گولی باری کے بعد جونہی علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے تین جنگجوئوںکی نعشیں بر آمد کر لی گئی ۔ جن میں سے ایک کی شناخت جیش کمانڈر ولید بھائی کے بطور ہوئی جبکہ دیگر دو کی شناخت فوری طور پر نہیںہو سکی ۔ پولیس سربراہ نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں جیش کمانڈر ولید مارا گیا جو آئی ای ڈی بنانے میںماہر تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مارے گئے جنگجوئوں کے قبضے سے امریکی ساخت رائفل اور دیگر اسلحہ اور گو لہ بارود برآمد کیا گیا۔ اس دوران حکام نے ضلع میں انتڑنیٹ خدمات معطل کر دی ہے۔جبکہ حساس مقامات پر بندشیں عائد رہی ۔ (سی این آئی )
Comments are closed.