پلوامہ اور شوپیاں کو چھوڑ کر وادی بھرمیں 2جی موبائل انٹرنیٹ خدمات بحال

تیز رفتار 4جی انٹرنیٹ پر جاری پابندی میں 27مئی تک توسیع کردی گئی

سرینگر/12 مئی: د و اضلاع کو چھوڑ کر وادی میں 2جی انٹرنیٹ سروس کو چھ روز بعد بحال کردیا گیا ہے جبکہ انتظامیہ نے 4جی انٹرنیٹ سروس پر عائد پابندی میں مزید توسیع کردی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق انتظامیہ نے آج بدھ کے روز قریب ایک ہفتہ کے بعد وادی میں سست رفتار 2جی موبائل انٹرنیٹ سروس کو بحال کردیا ہے جبکہ ضلع شوپیاں اور پلوامہ میں موبائل انٹرنیٹ ہنوز بند ہے ۔ 6مئی 2020کو ایل جی انتظامیہ نے اُس وقت وادی میں موبائل سروس اور انٹرنیٹ پر ایک بار پر عارضی قد غن لگائی جب حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر ریاض نائکو اپنے ساتھی سمیت پلوامہ میں ایک جھڑپ میں جاں بحق ہوئے ۔ تب سے آج12مئی تک وادی کے تمام اضلاع میں انٹرنیٹ بند تھا جبکہ موبائل سروس کو 2روز بعد بحال کیا گیا تھا ۔ آج انٹرنیٹ سروس کو اگرچہ بحال کیا گیا تاہم 2جی انٹرنیٹ کی موجود رفتار گذشتہ رفتار سے کافی کم ہے ۔ 6مئی سے پہلے 365کے بی پیرفتار پر انٹرنیٹ جاری تھی جبکہ اس وقت 156کے بی پی رفتار پر ہی انٹرنیٹ جاری ہے جس کے باعث لوگوںکو شدید دشواریاں پیش آرہی ہے ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ اور ضلع شوپیاں میں موبائل انٹرنیٹ مسلسل بند ہے جس کے باعث مذکورہ اضلاع کے لوگوں کو خاص کر طلبہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ دریں اثناء ایل جی انتظامیہ نے 4جی انٹرنیٹ پر جاری پابندی میں مزید توسیع کرکے 27مئی تک بڑھادی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ ماہ سے وادی میں تشدد آمیز واقعات اور جھڑپوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے سرکار فی الحال تیز رفتار انٹرنیٹ کی بحالی کی موڈ میں نہیں ہے اور اس حوالے سے عید الفطر کے بعد افسران کی میٹنگ میں حتمی فیصلہ لیا جارہا ہے آیا 4جی انٹر انیٹ کو بحال کیا جائے یا رفتار جوں کی توں رہنے دی جائے گی ۔

Comments are closed.