کولگام کی جواں سالہ خاتون سات روز بعد اسپتال میں دم توڑ بیٹھی

نور باغ سرینگر میں 50سالہ شہری کی پُر اسر ار حالات میں موت واقع

سرینگر/24مارچ: جنوبی قصبہ قاضی گنڈ کے کنڈ علاقے میں اس وقت کہرام مچ گیا جب ایک ہفتے قبل خود سوزی کرنے والی 20سالہ خاتون کی موت اسپتال میں ہوئی ۔ ادھر سرینگر کے نور باغ علاقے میں آٹو ڈرائیور کی نعش پُر اسر اسر حالات میں بر آمد کی گئی ۔ سی این آئی کو نمائندے نے قاضی گنڈ سے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کنڈ کے نگین پورہ علاقے میں منگل کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب 20سالہ خاتون کی موت واقع ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ علاقے میں خاتون نے اپنے سسرال میں 17مارچ کو اپنے جسم پر مٹی کا تیل چھڑک کر خود کو آگ لگا ئی تھی جس کے بعد وہ مکمل طور پر جھلس گئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ خاتون کو سرینگر کے صدر اسپتال علاج و معالجہ کیلئے منتقل کر دیا گیا تھا جہاں وہ منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ خاتون نے خود کو آگ لگائی تھی جس کے نتیجے میں وہ 60فیصد جھلس گئی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کو علاج و معالجہ کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر منگل کی صبح دم توڑ بیٹھی ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی نسبت ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور اس ضمن میں مزید تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ ادھر سرینگر کے نور باغ علاقے میں 50سالہ شہری کی پُر اسرار حالت میں موت ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بشیر احمد پکتون ولد غلام محمد نامی شہری منگل کی صبح پُر اسر ار حالت میں مردہ پایا گیا جس کے بعد پولیس نے مہلوک شہری کی نعش اپنی تحول میں لی اور پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو آخری رسومات کیلئے لواحقین کے حوالہ کر دیا گیا ۔

Comments are closed.