پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دہلی فسادات پر دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی اور تلخ کلامی کے مناظر دیکھنے کوملے

شدید نعرے بازی اور احتجاج کے بعد لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنی پڑی

سرینگر03 //مارچ:li مسلسل دوسرے روز بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دہلی فسادات کا معاملہ چھایا جس دوران سپیکر نے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کی۔ کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ ایوان کے وسط میں آئے اور سپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ جب تک دہلی فسادات پر بحث نہیں کی جاتی تب وہ ایوان کی کار روائی چلنے نہیں دیں گے۔ اس موقع پر لو ک سبھا کے سپیکر نے ممبران کو بتایا کہ ہولی کے بعد ہی اس معاملے پر بحث ہوگی جس پر ممبران نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے واک آوٹ کیا اور بی جے پی کے خلاف نعرے بازی کی۔ خبر رساں ایجنسی یوپی آئی کے مطابق منگل کے روز جونہی لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن ممبران اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور دہلی فسادات پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ چونکہ ہم نے فسادات پر نوٹس دیا ہے لہذا اس پر بحث کرانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔ سپیکر اوم برلا نے کانگریس ارکان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ اس معاملے پر ہولی کے بعد ہی بحث ہوگی جس پر اپوزیشن ممبران آپے سے باہر ہوئے اورایوان کے وسط میں آکر احتجاج کرنے لگے۔ سپیکر نے بار بار اپوزیشن ارکان کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی اپیل کی تاہم کانگریس اور دوسرے ممبران پارلیمنٹ اپنی ضد پر اڑے رہے جس کے بعد سپیکر نے بارہ بجے تک ایوان کی کارروائی ملتوی کی۔ بارہ بجے کے بعد جونہی دوبارہ لوک سبھا کی کارروائی شرو ع ہوئی تو کانگریس کے ممبران نے پھر احتجاج کیا جس کے بعد سپیکر نے دن بھر کیلئے کارروائی کو ملتوی کیا۔ ادھر راجیہ سبھا میں بھی دہلی فسادات پر زور دار احتجاج ہوا اور ممبران نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ اس معاملے پر پردہ ڈالنے کی مذموم کوشش کر رہی ہیں۔ صبح گیارہ بجے کے قریب جونہی راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو کانگریس کے سینئرلیڈر آنند شرما اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور دہلی فسادات پر دی گئی تحریک پر بحث کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی چیرمین نے کہاکہ ہم اس معاملے پر بحث کیلئے تیار ہے تاہم پہلے عوامی مسائل پر بات ہوگی۔ اس دوران راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور ڈپٹی سپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ معاملہ انتہائی حساس ہے لہذا اس پر بحث کرنا ضروری بن گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دہلی کے فساد متاثرہ علاقوں میں ابھی بھی حالات معمول پر نہیں آئے ہیں۔ اس دوران ڈپٹی سپیکر نے دو بجے تک راجیہ سبھا کی کارروائی کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ نمائندے نے بتایا کہ جونہی دو بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو غلام نبی آزاد پھر اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور ڈپٹی سپیکر کو بتایا کہ دہلی فسادات پر پہلے بحث ہونی چاہئے پھر باقی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ابھی غلام نبی آزاد اپنی بات کہہ ہی رہے تھے کہ سپیکر نے پورے دن کیلئے کارروائی کو ملتوی کیا۔

Comments are closed.