ملک سب کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے : شرد پوار

مندر کیلئے ٹرسٹ تو مسجد کیلئے ٹرسٹ کیوں نہیں؟حکومت پر مذہبی بھید بھائو کا الزام

سرینگر/20فروری: سابق مرکزی وزیر اور این سی پی صدر شردپوار نے مرکزی سرکارپر الزام عائد کیا ہے کہ حکومت مذہبی بنیاد پر مسلمانوں سے بھید بھائو کررہی ہے انہوںنے رام مندر کی تعمیر کیلئے ٹرسٹ قائم کرنے پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اسی طرح مسجد کیلئے ٹرسٹ قائم کیوں نہیں کیا گیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق دارالحکومت دہلی پہنچے این سی پی (NCP) قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر شرد پوار نے مرکزی حکومت پر مذہبی بنیاد پر بھید بھاؤ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے ایودھیا میں بھگوان شری رام کا عظیم الشان مندر بنانے کے لئے تشکیل کردہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسجد کے لئے کوئی ٹرسٹ نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مندر کے لئے ٹرسٹ بن سکتا ہے تو مسجد کے لئے کیوں نہیں؟ ملک تو سب کا ہے اور سبھی کے لئے ہے۔این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا کہ ایودھیا میں بابری مسجد منہدم کی گئی تھی۔ پوار نے کہا کہ حکومت مسجد بنانے کے لئے بھی ٹرسٹ بنائے اور مدد مہیا کرائے۔ بتا دیں کہ این سی پی صدر اپنی پارٹی کے ریاستی نمائندہ اجلاس میں شامل ہونے کے لئے گذشتہ روز لکھنئو میں تھے جہاںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے یوگی حکومت کے چوتھے بجٹ پر بھی چٹکی لی۔ انہوں نے کہا ’ اس بجٹ میں کسانوں کے لئے کچھ نہیں ہے، جبکہ بے روزگاروں کو ماہانہ ٹریننگ بھتہ دینے کا التزام کیا گیا ہے۔ یہ کب ملے گا، کہنا مشکل ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو محنت کرنے کا حق چاہئے۔ اس طرح بھتہ دینے سے کام نہیں چلے گا۔ پوار نے کہا کہ یوپی سے ہر سال 40 فیصد تک نوجوان روزگار کی تلاش میں مہاراشٹر اور دیگر ریاستوں میں جاتے ہیں۔(سی این آئی)

Comments are closed.