ایل جی موصوف کی نئی دہلی میں وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے ساتھ جموںوکشمیر کی صورتحال پر میٹنگ

سلامتی صورتحال ، ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹ اور گلوبل انوسٹرس سمٹ کے بارے میں وزیر اعظم کو جانکاری فراہم کی گئی

سرینگر18 فروری: جموںوکشمیر کے لفٹنٹ گورنر نے نئی دہلی میں وزیر اعظم ہند کے ساتھ ملاقات کی جس دوران جموںوکشمیر کی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ ایل جی موصوف نے وزیر اعظم کو جموںوکشمیر میں تعمیر وترقی کے حوالے سے ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کے بارے میں بھی پوری تفصیلات فراہم کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایل جی موصوف کو ہدایت کی کہ وقت مقررہ کے اندرا ندر سبھی پروجیکٹوں پر کام مکمل کیا جائے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق لفٹنٹ گورنر گریش چندر مرمو نے نئی دہلی میں وزیر اعظم ہند کے ساتھ ملاقات کی۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سرکاری رہا ئش گاہ واقع 7لوک کیلان مارگ میں ایل جی موصوف گریش چندر مرمو نے ملاقات کی اور یہ میٹنگ قریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق ایل جی موصوف نے وزیر اعظم ہند کو جموںوکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ پچھلے چھ ماہ سے وادی کشمیر میں کوئی بڑا ناخوشگوار واقع رونما نہیں ہوا اور یہ کہ ملی ٹینسی کے واقعات میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہوئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایل جی موصوف نے وزیر اعظم ہند کو بتایا کہ جموںوکشمیر میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں جبکہ شر پسند عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں پوری مستعدی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ گریش چندر مرمو نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جموںوکشمیر کی سلامتی صورتحال کے ساتھ ساتھ حد متارکہ کے حالات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران ایل جی موصوف نے وزیر اعظم کو بتایا کہ لائن آف کنٹرول اور حد متارکہ پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان آئے روز ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے تاہم بھارتی افواج رینجرس کی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران ایل جی موصوف نے جموں وکشمیر میں مرکزی معاونت والی اسکیموں کے تحت شروع کئے گئے کام کاج کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جموںاور کشمیر میں تعمیر وترقی کے حوالے سے کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن پر کام شدو مد سے جاری ہے اور وقت مقررہ کے اندرا ندر ان سبھی پروجیکٹوں پر کام مکمل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق گریش چندر مرمو نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سرینگر اور جموں میں گلوبل انوسٹرس سمٹ کیلئے تمام تیاریاں مکمل کیں گئی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مئی کے مہینے میں یہ سمٹ ہونے جارہی ہیں جب میں ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں تاکہ وہ جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کر سکے۔ گریش چندر مرمو نے نریندر مودی کو بتایا کہ بنگلورو ، احمد آباد ، کلکتہ ، ممبئی ، حیدر آباد اور چنائی میں جموںوکشمیر کے سینئر بیروکریٹ روڑ شوز کر رہے ہیں تاکہ اس سمٹ کے بارے میں لوگوں کو جانکاری فراہم کی جاسکے۔ انہوںنے بتایا کہ جموںوکشمیر انتظامیہ نے سرمایہ کاروں کی خاطر پہلے ہی اراضی کی نشاندہی کی ہے تاکہ وہ یہاں یونٹ قائم کرکے جموںوکشمیر کے بے روزگار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرسکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایل جی موصوف کی وزیر اعظم ہند کے ساتھ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے اور اس میں کئی اہم فیصلے لئے گئے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ نئی دہلی میں پانچ روز تک قیام کے بعد ایل جی موصوف گریش چندر مرمو بدھوار کے روز واپس جموں وارد ہور ہے ہیں۔

Comments are closed.