ہتھیار چھیننے کے واقعات کو روکنے کی خاطر مرکزی وزارت داخلہ کا بڑا فیصلہ /وزارت داخلہ
جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی اہلکاروں کی رائفلوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب ہوگا
سرینگر04 فروری//یو پی آئی // مرکزی وزارت داخلہ نے جموںوکشمیر میں تعینات اہلکاروں کی سروس رائفلوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عسکریت پسندوں کی جانب سے ہتھیار لوٹنے کے واقعات پر قابو پایا جاسکے ۔خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے جموںوکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی رائفلوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ۔ وزارت داخلہ کے ایک آفیسر نے بتایا کہ پچھلے کچھ سالوں کے دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے ہتھیار لوٹنے کے کئی واقعات رونما ہوئے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سروس رائفلوں میں جی پی آر سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ مذکورہ آفیسر نے بتایا کہ اس طرح کے اقدام سے یہ پتہ چلے گا کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے لوٹے گئے ہتھیار کو کہاں پر رکھا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر میں عسکریت پسندوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر کئی سطحوں پر اقدامات اُٹھا رہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ بہت جلد وادی کشمیر میں پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ ساتھ جموںوکشمیر پولیس اہلکاروں کی سروس رائفل میں ایک جی پی آر چپ نصب کی جائے گی ۔ بتادیں کہ حالیہ کچھ برسوں میں شمال و جنوب اور وسطی کشمیر میں ہتھیار چھیننے کے کئی واقعات رونما ہوئے جبکہ کئی ایس پی اوز اور فوجی اہلکار بھی ہتھیار سمیت ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہوئے ۔ہتھیار چھیننے کے واقعات رونما ہونے کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے سروس رائفلوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا اور اب اس پر عملدرآمد کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
Comments are closed.