ویڈیو: افضل گورو کی چھٹی برسی کے سلسلے میں وادی کشمیر میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کی وجہ سے زندگی کا پہیہ جام

پائین شہر اور سوپور میں بندشوں کا نافذ ، سوپور میں اجتماعی فاتحہ خوانی ،بانہال بارہمولہ ریل خدمات معطل

سرینگر/09فروری/سی این آئی/ پارلیمنٹ حملے میں ملوث قرار دئے گئے شخص کوتختہ دار پر لٹکانے کی چھٹی برسی پر پوری وادی میں ہو کاعالم انتظامیہ کی جانب سے قصبہ سوپور اور سرینگر میں بندشوں کا نفاذ عمل میں لاکر لوگوں کی نقل وحرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ۔اسی دوران سیکورٹی صورتحال اور امن و امان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کیلئے بارہمولہ بانہال ریل سروس بھی معطل رہی ۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کیلئے انتظامیہ نے شہر سرینگر کے اکثر و بیشتر علاقوںمیں دفعہ 144سختی کے ساتھ نافذ کر دیا تھا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق پارلیمنٹ حملے میں ملوث قرار دئے گئے شخص محمد افضل گورو کو تختہ دار پر لٹکانے کے خلاف پوری وادی میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کی وجہ سے زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی جبکہ انتظامیہ نے بندشیں نافذ کرکے منعقد کی جانے والی تقریبات کو پوری طرح سے ناکام بنا دیا ۔ نمائندے کے مطابق انتظامیہ نے شہر سرینگر کے علاوہ دسوپور قصبے میں دفعہ 144سختی کے ساتھ نافذ کر کے لوگوںکی نقل وحرکت پر مکمل طور پر پابندی عائد کی ۔ شہر سرینگر کے چھ پولیس اسٹیشنوں مائسمہ ، صفا کدل ، مہاراج گنج ، نوہٹہ ، خانیار ، رعناواری ، نوہٹہ اور کرالہ کھڈ کے تحت آنے والے علاقوںمیں دفعہ 144کو سختی کے ساتھ نافذ کر دیا گیا تھا اور لوگوں کو اپنے گھروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں دیدی گئی ۔ انتظامیہ نے شہر سرینگر کی بیشتر سڑکوں پر خار دار تار بچھا کر لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کی تھی ۔انتظامیہ کی جانب سے بند شیں عائد کرنے کے باوجود سوپور میں تعزیتی مجالس کا اہتمام ہوا جن میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ انتظامیہ نے مزید کسی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کیلئے پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت علاقے میں تعینات کرکے کرکے لوگوں کو اپنے گھروںمیں قید کر دیا ۔سوپورملی تفصیلات کے مطابق پولیس وفورسز نے دوآبگاہ ، وتر گام کے علاقوں کو اپنے محاصرے میں لے کر لوگوں کو اپنے گھروں سے باہر آنے پر پابندی عائد کی ہے تاہم اس کے باوجود دوآبگاہ کے علاقے کی ایک مسجد میں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی جہاں افضل گورو کو تختہ دار پر لٹکانے کے خلاف پر امن احتجاج کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔ شمالی کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور اور دیگر قصبوں و تحصیل ہیڈکوارٹروں میں بھی مشترکہ قیادت کی اپیل پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ افضل گورو کے آبائی قصبہ سوپور میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ سرکاری دفاتر، مالیاتی اداروں اور دیگر اداروں میں معمول کا کام بری طرح سے متاثر رہا۔ ادھر مشترکہ قیادت کی کال کے باعث سڑکوں سے مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل ہو کر رہ گئی بازار بند پڑے ہوئے تھے اور ہر جگہ پولیس وفورسز دکھائی دے رہی تھی جسے لوگوںمیں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ۔کال کے باعث زندگی تھم سی گئی اور لوگ اپنے گھروںمیں محصور ہو کررہ گئے پوری وادی میں پولیس وفورسز کو متحرک کر دیا گیا تھا تاکہ کسی بھی گڑھ گڑھ کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جا سکے۔اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے سوپور کی طرف جانے والی سڑکوں کو خاردار تار سے سیل کیا تھا۔ بارہمولہ سے بھی مکمل ہڑتال کی اطلاعات موصول ہوئیں جہاں تمام تجارتی اور دیگر سرگرمیاں معطل رہیں۔ قصبے میں اولڈ ٹاون کو سیول لائنز کے ساتھ جوڑنے والے پلوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رہی۔ اننت ناگ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے اس اور دیگر قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج رہے۔ جنوبی کشمیر میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا۔ تاہم سری نگر جموں قومی شاہراہ پر اکا دکا گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں۔ ایسی ہی رپورٹیں وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام اور گاندربل سے بھی موصول ہوئیں۔ اسی دوران سیکورٹی صورتحال اور امن و امان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کیلئے بارہمولہ بانہال ریل سروس بھی معطل رہی ۔

Comments are closed.