ویڈیو: اگلے 24گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ،جمعہ سے موسمی صورتحال میں بہتری آئے گی /محکمہ موسمیات

پیر پنچال کے آر پار شدید برفباری ،معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ،ہر طرف سفید ہی سفید
مواصلاتی نظام درہم برہم وادی کا زمینی و فضائی رابطہ بیرون ریاست سے منقطع ، کئی مقامات پر مالی نقصان

سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیرپنچال کے آر پار دوسرے روز شدید برفباری کے نتیجے میں واد ی کے طول و عرض میںمعمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ہوئی۔شہر سرینگر سمیت وادی کے شمال و جنوب بدھ کی شام سے ہی برفباری کاتازہ سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں سرینگر جموں شاہراہ سمیت درجنوں رابطہ سڑکیں ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند ہوئی جبکہ کم روشنی کی وجہ سے سرینگر کے بین الاقوامی ہوئی اڈے پر فضائی ٹریفک کی بھی متاثر رہا ۔ اسی دوران تازہ برفباری کے بعد بجلی کا نظام پوری طرح درہم برہم ہو گیا ۔جبکہ پوری وادی شدید سردی کی لپیٹ میں آگئی ہے جس کے نتیجے میں شہر کے بازاروں میں مجموعی طور پر ویرانی چھائی رہی اور خریداروں کی بہت کم تعداد بازاروں میں نظر آئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے جمعہ سے موسمی صورتحال میں بہتری آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے مزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کے شمال و جنوب کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بھی مسلسل دوسرے رو ز بھی برفباری کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ۔شہر سرینگر سمیت وادی کے دوسرے اضلاع میں بدھ کی شام سے ہی تازہ برفباری کا تازہ سلسلہ شروع ہوا جو جمعرات کی شام تک جاری رہا۔تازہ برفباری نتیجے میں شہر سرینگر میں عام اور کاروباری زندگی پر اثر پڑا اورشہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عام لوگوں کو عبور و مرور کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وادی کے شمال و جنوب میں واقع دیگر اضلاع میں بھی تازہ برفباری ہوئی ہے ۔میدانی علاقوں کے برعکس بعض بالائی علاقوں میں بھاری برفباری ہوئی ہے۔کپوارہ،بارہمولہ ،بڈگام ،گاندربل ،پلوامہ ،اننت ناگ ،شوپیان اور کولگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان تمام اضلاع کے میدانی علاقوں میںہلکی سے درمیانی درجہ تک کی برفباری ریکارڈ کی گئی ، ۔اس دوران سونہ مرگ،لداخ کے بیشتر علاقوں ، پہلگام ، مڑھل ، ٹیٹوال ، گریز ،زوجیلااور اوڑی کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برفباری کی اطلاعات ملی ہیں۔ پہلگام ،آڑو، چندن واڑی ،سونہ مرگ ،زوجیلا ، گگن گیر ،گنڈ ،یوسمرگ ،افروٹ ،سادھنا ٹاپ ،فرکیاں گلی ،میلیال ،مڑھل اور اس کے مضافاتی علاقوں میں اوسطاً ایک سے تین فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی۔گلمرگ سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ گلمرگ کی اونچی پہاڑیوں اور میدانوں میں تازہ برفباری سے سیاحوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں گزشتہ شب کے دوران قریب تین فٹ تازہ برف گری ہے جبکہ آس پاس کے اونچائی والے علاقوں میں اس سے بھی زیادہ برفباری ہوئی ہے۔ادھرسرحدی قصبہ اوڑی کے چھو لاں ،زمبور پٹن ،کلسا،نامبلہ ،گھر کوٹ ،چوٹالی ،ددرن ،میدانن ،لچھی پورہ ،مائین ،براری پورہ ،ترکانجن اور ملحقہ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔شوپیان سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے بالائی علاقوں میں جم کر برفباری ہوئی۔اہر بل ،سیدھو ، ہیر پورہ اور پیر کی گلی میںبھاری برفباری کی اطلاع ہے۔سرحدی علاقوں میں تازہ برفباری سے متعدد سڑکیں گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردی گئی ہیں۔بانڈی پورہ سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ گریزسیکٹر میں بھی بھاری برفباری ہوئی جبکہ شمالی کشمیر میں واقع لائن آف کنٹرول کے بیشتر سیکٹروں میں بھی جم کر برفباری ہوئی ہے۔ اْدھر جواہر ٹنل کے اْس پار پیر پنچال پہاڑی سلسلے کے ساتھ ساتھ بدھل راجوری ، گلبرگ، مہور، بھدرواہ،ڈوڈہ، کشتواڑ، چھاترو، مڑوا، دچھن اور بنی کے علاوہ ویشنو دیوی مندر کی مضافاتی پہاڑیوں پر تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔نمائندے کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ کے مختلف مقامات پر بھی تازہ برفباری ہوئی جس کے بعد جموں سرینگر شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بدھ کی رات دیر گئے بند کر دیا گیا ۔ادھر سرینگر سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ تازہ برفباری کے نتیجے میں کم روشنی کی وجہ سے سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جمعہ کو تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ۔بارشوں اور برفباری کے تازہ سلسلے کے بیچ جہاں ایک طرف معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ہوئی، وہیں دوسری جانب رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھاری اضافہ دیکھنے کو ملا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میںاگلے 24گھنٹوں تک مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بارشیں اور برفباری بھی ہوسکتی ہے۔

Comments are closed.