ویڈیو: چکورہ لیتر پلوامہ میں مختصر شوٹ آوٹ ،مقامی لشکر کمانڈر جاں بحق ، ساتھی فرار

برفباری اور بارشوں کے بیچ علاقے میں پُر تشدد جھڑپیں ، سنگبازی اور ٹیر گیس شلنگ

سرینگر: جنوبی ضلع پلوامہ کے چکورہ لیتر علاقے میں بدھ کے بعد دوپہر مختصر خونین معرکہ آرائی میں مقامی لشکر کمانڈر جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک یگر فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ علاقے میں جھڑپ کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی اور مشتعل مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید پتھرائو اور ٹیر گیس شلنگ ہوئی۔جبکہ افواہوں کی روکتھام کیلئے ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات بند کی گئی ۔ سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چکورہ لیتر پلوامہ میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور ایس او جی پلوامہ نے علاقے کو بدھ کے بعد دوپہر محاصرے میں لیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا اور وارننگ شارٹس فائر کئے تو وہاں موجود جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی ۔ذرائع نے بتایا کہ گولیوں کی گن گرج کے ساتھ ہی فورسز نے بھی مورچہ زن ہو کر جوابی کارورائی کی اور طرفین کے مابین کچھ منٹوں تک گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔ ذرائع نے بتایا کہ گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے ساتھ ہی جھڑ پ کے مقام سے فورسز نے ایک جنگجو کی نعش بر آمد کی جس کی شناخت لشکر کمانڈر عرفان احمد شیخ ساکنہ چکورہ پلوامہ کے بطور ہوئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ مہلوک جنگجو کا ساتھی فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ مختصر جھڑپ کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی اور فرار ہونے والے جنگجوئوں کو ہر ممکن کوشش کی گئی تاہم کسی بھی جگہ انہیں کامیابی ہاتھ نہیں آئی ۔ ادھر علاقے میں جنگجو کے جاں بحق ہونے کی خبر جونہی پھیل گئی تو بڑی تعداد میں نوجوان سڑکوںپر نکل آئے او رپولیس و فورسز پر سنگ باری شروع کی ۔تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے پولیس و فورسز نے آنسو گیس کے گولے داغے ، پیلٹ گولیوں اور پیپر گیس کا بھی استعمال کیا ۔مقامی جنگجو کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیلتے ہی جنوبی ضلع پلوامہ کے بیشتر علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز ہوگئے اور پبلک و نجی ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہوگئی۔ مختلف کاموںکے سلسلے میں اپنے گھروں سے باہرنکلنے والے لوگ عجلت میں واپس اپنے گھروں کو لوٹ گئے ۔ ادھر پولیس ترجمان کی طرف سے موصولہ بیان کے مطابق ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے بدھ کے بعد دوپہر چکورہ لیتر میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران علاقے میں موجود جنگجوئوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ ابتدائی گولیوں کے تبادلے ایک جنگجو ہلاک ہوا۔جس کی شناخت لشکر کمانڈر عرفان احمد شیخ ولد گلزار احمد شیخ ساکنہ چکورہ پلوامہ کے بطور ہوئی ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ جھڑپ کی جگہ بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ عوام الناس سے ایک بار پھر التماس ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پر ممکنہ بارودی مواد موجود ہونے کے باعث خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔لوگوں سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کریں اور جب تک جھڑپ کی جگہ کو صاف کرکے محفوظ قرار نہ دیا جائے تب تک تصادم کی جگہ جانے سے اجتناب کیا جائے۔(سی این آئی)

Comments are closed.